امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ایک جم میں فائرنگ کے واقعے میں پولیس کے مطابق ایک شخص ہلاک اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے فائرنگ کے واقعے کے بعد ایک اپارٹمنٹ کی عمارت میں پناہ لے لی تھی۔
فائرنگ کا واقعہ وائٹ ہاؤس سے لگ بھگ ڈیڑھ کلومیٹر دور لوگن سرکل میں پیش آیا۔
میٹروپولیٹن پولیس کے قائم مقام چیف جیفری کیرول نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مشتبہ شخص ساتویں منزل پر واقع ایک فلیٹ میں محصور ہو گیا تھا جہاں پولیس کے مذاکرات کاروں نے اس سے بات کرنے کی کوشش کی۔
ان کے بقول تقریباً ایک گھنٹے بعد پولیس کو گولی چلنے کی آواز آئی جس کے بعد جب فلیٹ کا دروازہ توڑا تو وہاں مشتبہ شخص خود کو گولی مار کر زخمی حالت میں موجود تھا۔
CRITICAL ALERT: MPD is on the scene of an ACTIVE SHOOTING in the area of 15th and P Street, Northwest. MPD’s Emergency Response Team is on scene.
AVOID THE AREA.
— DC Police Department (@DCPoliceDept) November 12, 2026
رپورٹ کے مطابق مشتبہ شخص کی حالت تاحال واضح نہیں۔ لیکن امریکی نشریاتی اداروں این بی سی اور فوکس نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ مشتبہ شخص ہلاک ہو گیا ہے۔
کیرول کا کہنا تھا کہ پولیس کا ماننا ہے کہ مشتبہ شخص اسی اپارٹمنٹ کا رہائشی تھا اور وہ اس جم کا بھی رکن تھا جہاں فائرنگ کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ جمعرات کی صبح آٹھ بجے کے قریب پیش آیا اور تیس سیکنڈ کے اندر اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔
البتہ پولیس نے مشتبہ شخص یا مرنے والے متاثرہ شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ کیرول کا کہنا ہے کہ چار زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔
اس سے قبل میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا تھا کہ پولیس شمال مغربی واشنگٹن ڈی سی کی 15ویں اور پی اسٹریٹ کے علاقے میں جاری فائرنگ کے مقام پر موجود ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی رسپانس ٹیم بھی جائے وقوعہ پر موجود ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس علاقے میں جانے سے گریز کریں۔
