پاکستان، سعودی عرب، فلسطین، ترکیہ، متحدہ عرب امارات سمیت 18 عرب اور مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ کے علاقے خان یونس میں ’نصر میڈیکل کمپلیکس‘ پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے، جو طبی مراکز اور طبی عملے کو خصوصی تحفظ فراہم کرتا ہے۔
12 نومبر 2026 کو اسرائیل نے غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں نصر میڈیکل کمپلیکس کی عمارت پر فضائی حملہ کیا تھا، جس میں سرجن سمیت کم از کم 5 فلسطینی شہید اور 20 زخمی ہوئے تھے۔
ہفتے کو پاکستان اور دیگر ممالک کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ فضائی حملے کے نتیجے میں مریضوں اور طبی عملے کا جانی نقصان ہوا۔
🔊PR No.3️⃣2️⃣9️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣6️⃣
Joint Statement by the Foreign Ministers of Pakistan, Algeria, Djibouti, Egypt, Indonesia, Jordan, Kuwait, Lebanon, Libya, Mauritania, Oman, Qatar, Saudi Arabia, Somalia, Sudan, Turkiye and the United Arab Emirates
🔗⬇️ https://t.co/diVqtGnPA0
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) November 14, 2026
مشترکہ بیان جاری کرنے والے ممالک میں پاکستان، مصر، سعودی عرب، ترکیہ، اردن، قطر، یو اے ای، کویت، انڈونیشیا، فلسطین، الجزائر، موریطانیہ، سوڈان، لیبیا، جبوتی، صومالیہ، لبنان اور عمان کے وزرائے خارجہ شامل ہیں۔
وزرائے خارجہ نے بے گھر فلسطینیوں کو پناہ دینے والے خیموں اور دیگر مقامات پر بھی اسرائیل کے مسلسل حملوں کی مذمت بھی کی۔
بیان کے مطابق ان حملوں سے جنگ بندی اور غزہ میں امن و استحکام بحال کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے اور یہ صدر ٹرمپ کے جامع منصوبے سے مطابقت نہیں رکھتے۔
وزرائے خارجہ نے اس پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا کہ انسانی بنیادوں پر فراہم کی جانے والی امداد، خیموں، کاروانوں اور موبائل ہومز سمیت پناہ کے سامان کے ساتھ ساتھ طبی سازو سامان کی فراہمی پر مسلسل اسرائیلی پابندیوں کے باعث غزہ میں انسانی بحران مزید سنگین ہو رہا ہے۔
مشترکہ بیان کے مطابق مناسب پناہ گاہوں کی کمی، پانی، صفائی ستھرائی اور صحت کی سہولتوں کی بگڑتی صورتِ حال شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے، خاص طور پر ان بچوں اور شیرخواروں کی جو شدید سردی کی زد میں آکر موت کا شکار ہو سکتے ہیں۔
وزرائے خارجہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ مزید امداد کی فراہمی کے لیے عالمی برادری اور بورڈ آف پیس کی اپیلوں پر توجہ دے اور شرم الشیخ معاہدے، صدر ٹرمپ کے جامع منصوبے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 (2025) کے تحت اپنی ذمہ داریاں فوری طور پوری کرے۔
اس سے قبل خان یونس کے اسپتال پر حملے میں شہادتوں کے بعد ’بورڈ آف پیس‘ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ خان یونس کے نصر اسپتال پر اسرائیلی حملے میں ہونے والی اموات اس بات کی واضح نشاندہی کرتی ہیں کہ صدر ٹرمپ کے جامع امن منصوبے پر بغیر کسی تاخیر کے فوری عمل درآمد کیوں ضروری ہے۔
https://t.co/8Uuv7GN7mm
— Board of Peace (@BoardOfPeace) November 12, 2026
بورڈ آف پیس نے کہا تھا کہ امن منصوبے پر عمل درآمد میں تاخیر کی صورت میں اس طرح کے المناک واقعات پیش آتے رہیں گے جن میں حماس اسرائیل پر اسپتالوں کو دانستہ نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتی ہے جب کہ اسرائیل یہ مؤقف اپناتا ہے کہ حماس ان مراکز کو عسکری کارروائیوں کے لیے استعمال کرتی ہے اور اس کی قیمت بالآخر بے گناہ غزہ کے لوگوں کو چکانا پڑتی ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی تنازعات کے حل کے لیے رواں برس جنوری میں بورڈ آف پیس قائم کیا تھا۔ اس بورڈ کے چارٹر کے مطابق صدر ٹرمپ خود اس کے پہلے چیئرمین ہیں اور یہ فورم عالمی سطح پر امن کے فروغ اور تنازعات کے حل کے لیے کام کرے گا۔
