محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کر دی ہے۔
نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ بھی جاری کردیا ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے متعدد شہروں میں بارش، پہاڑی علاقوں میں برفباری اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، بھکر، نورپور تھل، سرگودھا اور فیصل آباد میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔ خطہ پوٹھوہار، مری اور گلیات میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
کل ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری اور تیز بارش بھی ہو سکتی ہے، بالائی پنجاب، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم میں مزید بارش کا امکان ہے ، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
14 نومبر کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہنے کی توقع ہے تاہم گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، شمال مشرقی پنجاب میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
15 نومبر کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہنے کی توقع ہے تاہم کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں پنجاب کے میدانی علاقوں میں چند مقامات پر دھند اسموگ کا امکان ہے۔
🌤️Weekly Weather Outlook ( 12 – 18 November), 2026.
#PMD #weatherupdate #Rain #hotweather #Islamabad #punjab #Sindh #Balochistan #kpk #kashmir #gilgitbaltistan #StaySafe https://t.co/48zvdMmFfE— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) November 12, 2026
دوسری جانب این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش متوقع ہے۔دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر اور مالاکنڈ میں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ اور مردان میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔بلند پہاڑی مقامات پر برفباری متوقع ہے جبکہ بعض علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں جمعرات اور جمعہ کے دوران وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 12 نومبر کی شام اور رات سے 13 نومبر کے دوران بارش اور برفباری کے باعث خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں پر پھسلن کا خدشہ ہے۔
اس صورتحال کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے جبکہ پہاڑی راستوں پر سفر کرنے والے سیاحوں کو خصوصی احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



