وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سکیورٹی اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سہولت کاری کے لیے پُرعزم ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ سکیورٹی فورسز بھی سرمایہ کاروں کے تحفظ کی صلاحیت اور عزم رکھتی ہیں۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اس فورم کا مقصد پاکستان کے معدنی ذخائر اور غیر دریافت شدہ وسائل کو اجاگر کرکے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
فورم کے اجلاس میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ اور خیبرپختونخوا کے گورنر کے علاوہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد بھی شریک ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ان کے نزدیک اصل چیلنج سکیورٹی نہیں بلکہ بلوچستان کے بارے میں تاثر اور زمینی حقیقت کے درمیان فرق ہے۔ ان کے بقول سب جانتے ہیں کہ تاثر حقیقت کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان ٹی وی پر دکھائی جانے والی تصویر سے مختلف ہے۔ صوبے کے لوگ سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ یہاں موجود مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کو صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے آگے آنے کی دعوت بھی دی۔
’ریکوڈک 2029 تک فعال ہونے کی توقع ہے‘
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان معدنیات، تیل اور گیس کے بڑے ذخائر رکھتا ہے اور آنے والے مہینوں میں ان شعبوں میں مثبت پیش رفت متوقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریکوڈک منصوبہ 2029 تک فعال ہونے کی توقع ہے، جو صوبے کی معدنی استعداد کی ایک بڑی مثال ہے۔
وزیراعلیٰ نے سارونا کے علاقے میں تیل اور گیس کے امکانات کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہاں موجود ذخائر سوئی کے ذخائر سے بھی بڑے ہیں۔ ان کے مطابق سوئی کے ذخائر گزشتہ 70 برس سے زیادہ عرصے سے پاکستان کو توانائی فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ بلوچستان حکومت وفاقی حکومت کے تعاون سے سوئی میں کھاد کا ایک صنعتی شہر قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اس علاقے میں کم بی ٹی یو گیس کی دستیابی اس منصوبے کی بنیاد ہے۔
سرفراز بگٹی نے سرمایہ کاروں کو اس مجوزہ منصوبے میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت انہیں سکیورٹی، شہری سہولتیں اور دیگر ضروری تعاون فراہم کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار کی پہلی ضرورت سکیورٹی ہوتی ہے، جس کی وہ سکیورٹی فورسز، وفاقی حکومت اور بلوچستان کے عوام کی جانب سے ضمانت دیتے ہیں۔
ون ونڈو آپریشن اور بیوروکریسی کی رکاوٹیں ختم کرنے کا اعلان
وزیراعلیٰ بلوچستان نے سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ صوبے میں انہیں سرکاری محکموں کی غیر ضروری رکاوٹوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ ان کے مطابق سرمایہ کاری میں سہولت کے لیے ون ونڈو آپریشن کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان مائنز اینڈ منرلز ایکٹ صوبائی اسمبلی نے ایوان میں موجود سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے منظور کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ قانون پاکستان میں پہلے سے رائج وسیع تر قانونی فریم ورک سے ہم آہنگ ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کے معدنی وسائل کی ترقی کے لیے سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر کام کرنے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
سندھ میں مسابقتی کاروباری مواقع موجود ہیں، مراد علی شاہ
فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو صوبے کے معدنی وسائل تلاش کرنے اور ان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں شفاف قواعد و ضوابط، مسابقتی کاروباری مواقع اور سرمایہ کاروں کے لیے آسان طریقہ کار فراہم کیا جا رہا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کا محکمہ سرمایہ کاری تمام سرمایہ کاروں کی رہنمائی کرتا ہے۔ اس مقصد کے لیے سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ (ایس پی او ایس) کے نام سے پورٹل بھی قائم کیا گیا ہے جہاں سرمایہ کار ابتدائی رابطہ کر سکتے ہیں اور متعلقہ محکموں سے لائسنس سمیت دیگر ضروری امور میں رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے کھلا ہے۔ معدنی وسائل کی صلاحیت کا انحصار ارضیاتی ساخت پر ہے جبکہ ان وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لیے بہتر حکمرانی اور شراکت داری ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں، بین الاقوامی مالیاتی ادارے، عالمی مائننگ کمپنیاں اور سرمایہ کار مل کر کام کریں تو اس کے ثمرات سب کو ملیں گے اور پاکستان کے عوام بھی ان سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ معدنی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لیے پائیدار اور ذمہ دارانہ طریقہ کار اپنانا ضروری ہے۔
مریم نواز کا سرمایہ کاروں کو 5 ارب روپے تک فنانسنگ سہولت فراہمی کا اعلان
فورم سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا کہ صوبے میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سرمایہ کاروں کو 5 ارب روپے تک رعایتی فنانسنگ فراہم کی جائے گی جبکہ قرضوں پر سود حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ سرمایہ کاروں کو زمین بھی رعایتی لیز پر فراہم کی جائے گی تاکہ ابتدائی سرمایہ کاری کے اخراجات کم کیے جا سکیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے تمام منظوریوں، سرٹیفکیٹس اور لائسنسوں کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا بلکہ وہ کام شروع کر سکیں گے اور حکومت ضروری کارروائی میں ساتھ ساتھ سہولت فراہم کرے گی۔
فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں معدنی وسائل کی کمی نہیں، اصل مسئلہ ان وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لیے انتظامی رکاوٹیں اور بدنظمی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت معدنیات کی آمدن ان کے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے وقت 10 ارب روپے تھی جو ڈھائی سال میں بڑھ کر 40 ارب روپے ہوگئی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے پاس زمین کے اوپر اور نیچے بے پناہ معدنی دولت موجود ہے جسے تلاش کرکے معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معدنی وسائل کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے انتظامی معاملات درست کرنے کی ضرورت ہے اور پنجاب میں آمدن میں اضافہ اس کی ایک مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں زمرد، سنگ مرمر، گرینائٹ، سونا، قیمتی پتھر، تانبا اور پنک سالٹ سمیت کئی معدنی وسائل موجود ہیں، ضلع چنیوٹ میں 26 کروڑ 15 لاکھ ٹن خام لوہا موجود ہے جسے پراسیس کرکے اسٹیل تیار کیا جا سکتا ہے۔
مریم نواز نے پنک سالٹ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پہلے اسے کرسٹل اور چھوٹے بلاکس کی شکل میں خام حالت میں برآمد کیا جاتا تھا لیکن اب اس کی ویلیو ایڈیشن پر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنک سالٹ کے کان کنوں کو بلاسود مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے جس سے اس شعبے کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے 5 دریاؤں میں سونے کے ذرات موجود ہیں اور اس حوالے سے خاطر خواہ شواہد ملے ہیں کہ دریائی ریت میں سونے کی مناسب مقدار موجود ہے۔ اس موقع پر انہوں نے دریائی سونے کا ایک نمونہ بھی دکھایا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دریاؤں خصوصاً میانوالی اور اٹک کے علاقوں میں سونے کی موجودگی کے حوالے سے سروے اور مطالعات جاری ہیں تاکہ وہاں موجود سونے کی مقدار کا تعین کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اس شعبے میں بین الاقوامی شراکت داروں کی تلاش میں بھی ہے تاکہ معدنی وسائل سے حاصل ہونے والی دولت کو مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ دریاؤں کی ریت اور بجری میں سونے کے علاوہ نایاب معدنیات اور قیمتی دھاتیں بھی موجود ہو سکتی ہیں جن کی مالیت سونے کے برابر یا اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ ان کی ذمہ داری سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ حکومت ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سرخ فیتے، دفتری تاخیر اور غیر ضروری رکاوٹوں کو ختم کر رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو مختلف محکموں کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو سولر نظام فراہم کرنے کے اخراجات بھی برداشت کرے گی کیونکہ توانائی اور ایندھن کی قیمتیں زیادہ ہیں۔ اس کے علاوہ جنوبی پنجاب کے علاقے قائدآباد، ضلع خوشاب میں قائم مخصوص صنعتی زون میں کسٹم ڈیوٹی سے چھوٹ دی جائے گی اور سرمایہ کاروں کو اس مد میں رقم واپس کی جائے گی۔
دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں حکومتی عہدیداروں، غیر ملکی سرمایہ کاروں، کان کنی کے شعبے سے وابستہ کمپنیوں کے نمائندے اور ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔ فورم میں معدنیات کی تلاش، منصوبوں کی مالی معاونت، کان کنی کے بنیادی ڈھانچے، عالمی شراکت داری اور پاکستان میں کان کنی کے شعبے کے لیے افرادی قوت کی تیاری سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
فورم سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو سفارتی رابطوں اور انتظامی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی، جس میں غیر ملکی وفود اور عالمی کان کنی کمپنیوں کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات شامل تھے۔
نوٹ: خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جارہی ہیں۔
