جاپان میں جاری ایشین گیمز 2026 کے مینز کرکٹ مقابلوں کے کوارٹر فائنلز کی لائن اپ مکمل ہوگئی جس کے مطابق پاکستان کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہوگا جبکہ بھارت کا سامنا افغانستان، سری لنکا کا نیپال اور بنگلادیش کا ملائیشیا سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ایشین گیمز کے مینز کرکٹ مقابلوں میں گروپ مرحلے کے مختصر مرحلے کے بعد چار ٹیموں نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے جبکہ چار ٹاپ ٹیموں پاکستان، بھارت، بنگلادیش اور سری لنکا نے براہِ راست کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
کوارٹر فائنلز کا آغاز 28 ستمبر سے ہوگا۔ پہلے کوارٹر فائنل میں ہانگ کانگ اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ اسی روز دوسرے کوارٹر فائنل میں افغانستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
29 ستمبر کو تیسرے کوارٹر فائنل میں نیپال کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا جبکہ چوتھے کوارٹر فائنل میں بنگلا دیش اور ملائیشیا کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔
گروپس کی صورتحال
گروپ اے سے نیپال اور افغانستان نے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا جبکہ میزبان جاپان کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ گروپ بی سے ملائیشیا اور ہانگ کانگ نے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنائی جبکہ عمان کو گروپ مرحلے کے بعد ایونٹ سے باہر ہونا پڑا۔
موسم کی صورتحال
ایشین گیمز کے کوارٹر فائنلز سے قبل موسم کی صورتحال نے مقابلوں کے انعقاد کے حوالے سے خدشات پیدا کردیے ہیں۔ ہفتے کو ہونے والی بارش کے باعث جاپان اور نیپال کے درمیان میچ مکمل نہیں ہوسکا جبکہ ملائیشیا اور عمان کے درمیان میچ میں ایک گیند بھی نہیں کروائی جاسکی۔
رپورٹ کے مطابق کوارٹر فائنلز کے دنوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پیر کو دن کے وقت، جب میچز کھیلے جانے ہیں، بارش کا امکان 91 فیصد جبکہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان 22 فیصد بتایا گیا ہے۔
اسی طرح منگل کے لیے بھی موسم کی پیشگوئی زیادہ مختلف نہیں ہے۔ منگل کو دن کے وقت بارش کا امکان 89 فیصد جبکہ گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات 18 فیصد بتائے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اگر ناک آؤٹ مرحلے کا کوئی میچ بارش یا خراب موسم کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوجاتا ہے تو ٹاپ ٹیم کو فاتح قرار دیا جائے گا۔ٹاپ ٹیم کا تعین آئی سی سی کی آفیشل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
موجودہ صورتحال کے مطابق سیمی فائنلز کے دن موسم کرکٹ کے لیے نسبتاً بہتر رہنے کی توقع ہے۔ سیمی فائنلز جمعرات کو شیڈول ہیں جبکہ میڈل پلے آف مقابلے ہفتے کو کھیلے جائیں گے۔
بھارت اعزاز کا دفاع کرے گا
ایشین گیمز کے گزشتہ ایڈیشن میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔ اکتوبر 2023 میں چین کے شہر ہانگ ژو میں ہونے والے ایشین گیمز کے گولڈ میڈل میچ میں بھارت نے افغانستان کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا تھا۔
بنگلادیش نے گزشتہ ایڈیشن میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا جہاں تیسری پوزیشن کے میچ میں اس نے پاکستان کو شکست دی تھی۔


