بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی نے حال ہی میں شائع ہونے والی اپنی نئی کتاب میں 1984 میں بھارت میں ہونے والے فسادات کو ’افسوسناک اور شرمناک‘ باب قرار دیا ہے۔ دوسری جانب حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے سونیا گاندھی پر اپنی نئی کتاب میں کانگریس کی تاریخی غلطیوں پر پردہ ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سونیا گاندھی کی یادداشتوں پر مبنی کتاب ’بیلونگنگ (Belonging)‘ 10 نومبر کو شائع ہوئی۔ کتاب کی اشاعت کے بعد بی جے پی اور کانگریس کے درمیان ایک نیا سیاسی تنازع شروع ہوگیا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت کی اہم ریاستوں میں انتخابات بھی قریب ہیں۔
سونیا گاندھی کی کتاب سوشل میڈیا پر بھی موضوع بحث بنی ہوئی ہے جہاں اس کے حق اور مخالفت میں تبصرے سامنے آرہے ہیں۔ یہ ردعمل بھارت کی سیاسی تقسیم کی عکاسی کرتا ہے۔ دوسری جانب اخبارات نے بھی کتاب کو نمایاں کوریج دی ہے اور گزشتہ نصف صدی کے اہم واقعات سے متعلق اس کے کئی اقتباسات شائع کیے ہیں۔
سونیا گاندھی نے 1984 کے فسادات کا ذکر کیسے کیا؟
سونیا گاندھی نے اپنی کتاب میں اٹلی میں پیدائش کے بعد انگلینڈ میں زمانہ طالب علمی سے لے کر نہرو گاندھی خاندان میں شمولیت تک کا اپنا سفر بیان کیا ہے۔ سونیا گاندھی نے کتاب میں اپنے شوہر راجیو گاندھی سے ملاقات کے بارے میں بھی لکھا ہے جو نہرو گاندھی سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ بھارت کے 3 وزرائے اعظم کا تعلق اسی خاندان سے تھا۔
رائٹرز کے مطابق سونیا گاندھی نے اپنی خود نوشت میں 1984 کے فسادات کو ’افسوسناک اور شرمناک‘ باب قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق بعض سرکاری عہدیداروں نے تشدد کو نظر انداز کیا یا اسے مزید بھڑکانے میں کردار ادا کیا۔
انہوں نے اپنے شوہر اور سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کا دفاع کرتے ہوئے ان الزامات کو مسترد کیا ہے کہ وہ فسادات میں ملوث تھے۔ تاہم سونیا نے حکومتی ناکامیوں اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی میں تاخیر کا اعتراف بھی کیا ہے۔
سونیا گاندھی نے کتاب میں لکھا کہ ”ایمرجنسی نافذ کرنے سے پہلے اندرا گاندھی خود کو سیاسی طور پر تنہا اور دباؤ میں محسوس کر رہی تھیں۔ اندرا گاندھی اس فیصلے پر کبھی مکمل طور پر مطمئن نہیں تھیں تاہم اس وقت کے سیاسی حالات اور کشیدگی کے باعث انہیں ایمرجنسی جاری رکھنا پڑی۔“
رزائٹرز کے مطابق بھارت میں 1975 میں نافذ ہونے والی 21 ماہ کی ایمرجنسی کے دوران شہری آزادیوں کو معطل کردیا گیا تھا، اخبارات پر سنسرشپ عائد کی گئی اور اپوزیشن رہنماؤں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا تھا۔ اسے بھارت کی تاریخ کے متنازع ترین ادوار میں شمار کیا جاتا ہے۔
بی جے پی کی تنقید
رائٹرز کے مطابق بی جے پی کے ترجمان سی آر کیساون نے ایک ویڈیو بیان میں کہا، “سونیا گاندھی اپنی خود نوشت کا نام ’بیلونگنگ‘ کے بجائے ’وائٹ واشنگ‘ رکھ سکتی تھیں کیونکہ اس کتاب کا مقصد نہرو-گاندھی خاندان کی جانب سے کی گئی تاریخی غلطیوں کو خوشنما بنا کر پیش کرنا اور کانگریس پارٹی کی سنگین ترین غلطیوں پر پردہ ڈالنا معلوم ہوتا ہے۔”
بی جے پی ترجمان نے 1984 کے سکھ مخالف فسادات کا حوالہ دیا جو اس وقت کی وزیراعظم اور سونیا گاندھی کی ساس اندرا گاندھی کے ان کے سکھ محافظوں کے ہاتھوں قتل کے بعد بھڑک اٹھے تھے۔ ان فسادات میں تقریباً 3 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔
بی جے پی ترجمان نے سونیا گاندھی پر اپنی ساس اور سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کی جانب سے نافذ کی گئی ایمرجنسی کو معمول کا اقدام قرار دینے اور اس کا جواز پیش کرنے کی کوشش کا الزام بھی لگایا۔
ذاتی یادداشتوں کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے، کانگریس
سونیا گاندھی نے ان الزامات پر تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا تاہم کتاب کے دیباچے میں انہوں نے لکھا ہے کہ یہ ان کی ذاتی یادداشتیں ہیں جن میں سیاست صرف پس منظر یا ایک فریم ورک کی حیثیت رکھتی ہے۔
کانگریس رہنماؤں نے بی جے پی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندرا مودی کی جماعت ایک خود نوشت کو سیاسی تنازع بنا رہی ہے اور اسے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔
رائٹرز کے مطابق بدھ کے روز 1299 بھارتی روپے (تقریباً 14 ڈالر) قیمت ہونے کے باوجود یہ کتاب ایمازون انڈیا کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتابوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر تھی۔
واضح رہے کہ سونیا گاندھی کتاب کی اشاعت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب کانگریس رہنما راہول گاندھی انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کے معاملے پر وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے خلاف احتجاج کی قیادت کر رہے ہیں۔ یہ معاملہ مودی حکومت کے لیے 2014 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے ایک بڑے سیاسی چیلنج کے طور پر سامنے آیا ہے۔ اترپردیش اور سکھ اکثریتی ریاست پنجاب میں اگلے سال کے اوائل میں انتخابات بھی متوقع ہیں۔



