وفاقی وزیر توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد محض الگ الگ کان کنی کے منصوبے شروع کرنا نہیں بلکہ ایک مربوط، مسابقتی اور پائیدار معدنی صنعت قائم کرنا ہے جس کے لیے ہمیں معدنیات کی پراسیسنگ، ریفائننگ، متعلقہ صنعتوں کے فروغ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور عالمی ویلیو چین میں شمولیت کے لیے سرمایہ کاری چاہیے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے دوسرے روز استقبالیہ خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کان کنی کے منصوبوں کو بجلی، پانی، سڑکوں، ریلوے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کی سہولتوں سے منسلک کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا مقصد پاکستان کے معدنی ذخائر اور غیر دریافت شدہ وسائل کو اجاگر کرکے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ فورم میں معدنیات کی تلاش، منصوبوں کی مالی معاونت، کان کنی کے بنیادی ڈھانچے، عالمی شراکت داری اور اس شعبے کے لیے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
آج کے سیشن میں دیگر اعلیٰ حکومتی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک ہیں۔

فورم کے پہلے روز نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ پاکستان معدنی وسائل کو خام شکل میں برآمد کرنے کے بجائے ملک میں ان کی پراسیسنگ، ریفائننگ اور تیار مصنوعات کی تیاری کی صلاحیت پیدا کرنا چاہتا ہے۔
اس سے قبل چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم اور گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ نے بھی اپنے علاقوں میں معدنی سرمایہ کاری کے مواقع اور سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے حکومتی عزم پر اظہارِ خیال کیا تھا۔
علی پرویز ملک کا مزید کہنا تھا کہ روہڑی سے نوکُنڈی تک ریلوے کوریڈور کی مجوزہ اپ گریڈیشن، پورٹ قاسم سے رابطے اور ریکوڈک کے اطراف معاون بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پاکستان کے معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے کے اہم اقدامات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ معدنیات کے شعبے کی ترقی سے پاکستانی افرادی قوت کی استعداد بھی بڑھے جو تکنیکی مہارتوں، پیشہ ورانہ تربیت، بہتر انجینئرنگ خدمات، مقامی سپلائرز کی صلاحیت میں اضافے اور نوجوانوں، خصوصاً خواتین کے لیے بھی روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے سے بڑھے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ معدنی منصوبوں سے ان علاقوں کی مقامی آبادی کو روزگار، ہنر، بنیادی سہولتوں اور کاروباری مواقع کی صورت میں ٹھوس فوائد ملنے چاہییں جہاں کان کنی کی سرگرمیاں جاری ہوں۔ ان کے مطابق ماحولیاتی تحفظ، حفاظتی معیارات اور مقامی آبادی کے ساتھ شفاف رابطہ ذمہ دارانہ کان کنی کے لازمی تقاضے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے جو اپنے آس پاس کی آبادی کا اعتماد حاصل کرتے ہیں، وہی عملی طور پر مکمل ہوتے اور طویل مدت تک برقرار رہتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کا معدنی شعبے کی ترقی کے لیے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ توانائی سرمایہ کاروں کے منصوبوں پر پیش رفت کے لیے ملاقاتوں، تکنیکی مشاورت، دوروں اور منصوبوں کی جانچ پڑتال کا واضح طریقہ کار فراہم کرے گی۔
انہوں نے بیرک، ایوانہو، من میٹلز اور دیگر سرمایہ کاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دروازے طویل المدتی کان کنی کی سرمایہ کاری کے لیے کھلے ہیں اور حکومت فورم کے اختتام کے بعد عملی اقدامات کے ذریعے سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کرنا چاہتی ہے۔
“آپ کے سرمایہ کاری کے فیصلوں میں معاونت کے لیے میری ٹیم موجود ہے۔ اگر آپ کے ذہن میں کوئی پراجیکٹ ہے، تو براہِ کرم اسے ہمارے سامنے لائیں۔ ہم اس سلسلے میں فالو اپ میٹنگز، تکنیکی بات چیت، سائٹ وزٹ اور منصوبے کے جائزے پر مشتمل ایک واضح لائحہ عمل طے کریں گے، نہ کہ صرف ’رابطے میں رہنے کا کوئی روایتی وعدہ‘ کریں گے۔”
نوٹ: خبر میں تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔
