آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ ان کے نسلی پس منظر اور رنگت کی وجہ سے انہیں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کا موقع نہیں دیا گیا۔
2011 میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے والے عثمان خواجہ پاکستان میں پیدا ہوئے تھے اور 15 سالہ انٹرنیشل کیریئر کے بعد جنوری 2026 میں ریٹائر ہوئے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے ’صبر‘ کے نام سے اپنی خودنوشت لکھی جس میں متعدد متنازع دعوے کیے گئے جن پر پیٹ کمنز نے شدید ردعمل دیتے ہوئے ان کی کتاب کو ’سراسر بکواس‘ قرار دیا۔
پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کی جانب سے 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے واقعے کی منصوبہ بندی میں خود سمیت پوری ٹیم کے ملوث ہونے کے الزام کو بھی بے بنیاد قرار دیا۔
عثمان خواجہ نے منگل کو شائع ہونے والی اپنی خودنوشت میں دعویٰ کیا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو بال ٹیمپرنگ کے منصوبے کا علم تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ان کے نسلی پس منظر اور جلد کی رنگت نے قومی ٹیم کا کپتان بننے کے امکانات کو متاثر کیا۔
آج سڈنی میں پریس کانفرنس کے دوران پیٹ کمنز نے کہا کہ ان کی نظر میں خواجہ کی جانب سے کپتانی کے انتخاب میں نسلی رکاوٹوں کا الزام سب سے زیادہ سنگین ہے۔
Pat Cummins strongly refutes ball-tampering allegations made in Usman Khawaja’s book in his opening remarks today
FULL STORY: https://t.co/5d66u6MiV9 https://t.co/cf0iDPF4PK
— cricket.com.au (@cricketcomau) November 13, 2026
ان کا کہنا تھا کہ اس دعوے سے وہ بالکل اتفاق نہیں کرتے کہ آسٹریلیا کا کپتان بننے کے لیے کسی مخصوص رنگت کا ہونا ضروری ہے۔
2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق الزامات پر پیٹ کمنز نے کہا کہ اگر عثمان خواجہ کا مطلب یہ ہے کہ پوری ٹیم کو معلوم تھا کہ کھلاڑی میدان میں سینڈ پیپر لے کر جا رہے ہیں تو یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ 8 برس سے اس معاملے پر اپنا مؤقف برقرار رکھا ہے اور گیند کی حالت غیرقانونی طریقے سے تبدیل کرنے کے لیے کوئی اجتماعی منصوبہ نہیں بنایا گیا تھا۔
پیٹ کمنز نے کہا کہ نہ اس حوالے سے ٹیم کی کوئی میٹنگ ہوئی اور نہ ہی بولرز کے درمیان ایسا کوئی منصوبہ زیرِ بحث آیا۔
مارچ 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران ٹی وی کیمروں نے آسٹریلوی بلے باز کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا تھا۔ اس واقعے کو ’سینڈ پیپر گیٹ‘ کا نام دیا گیا۔
بعد ازاں کرکٹ آسٹریلیا نے اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر 12، 12 ماہ جبکہ بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔
تحقیقات میں ان 3 کھلاڑیوں کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا، تاہم عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر اس کے بعد سے تحقیقات کے نتائج اور دائرہ کار پر سوالات اٹھاتے رہے ہیں۔
پیٹ کمنز نے کہا کہ انہوں نے اصل تحقیقات میں مکمل تعاون کیا تھا اور اس وقت بھی سچ بولا تھا۔ ان کے مطابق واقعے کے بعد سے اب تک ان کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا۔
انہوں نے عثمان خواجہ کے اس بیان سے بھی اختلاف کیا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو واقعے کی اجتماعی ذمہ داری قبول کرنے کی تجویز دی گئی تھی، تاہم 2 کھلاڑیوں نے اس کی مخالفت کی تھی۔ کمنز کا کہنا تھا کہ انہیں ایسی کسی گفتگو کا علم نہیں۔
آسٹریلوی کپتان نے اس دعوے پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ عثمان خواجہ نے کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا تھا۔ ان کے بقول یہ وہ عثمان خواجہ نہیں جنہیں وہ جانتے ہیں اور جنہوں نے گزشتہ 8 برس کے دوران آسٹریلوی کرکٹ کلچر کی بحالی میں کردار ادا کیا۔
ڈیوڈ وارنر نے خواجہ کے مؤقف کی حمایت کر دی
اسکینڈل میں سزا پانے والے سابق آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے عثمان خواجہ کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے پیٹ کمنز کے ردعمل پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان جمعے کو ہونے والے ون ڈے میچ سے قبل ٹی وی کمنٹری کے دوران وارنر نے کہا کہ وہ عثمان خواجہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی کتاب میں لکھی گئی باتیں درست ہیں۔
David Warner has turned the blowtorch on Pat Cummins following Friday’s remarkable 70-minute press conference – saying his former captain threw Usman Khawaja ‘under the bus’.
MORE ▶️ https://t.co/bcbKIlcTbP https://t.co/DnotQy3dYD
— CODE Cricket (@codecricketau) November 13, 2026
انہوں نے کہا کہ انہیں عثمان خواجہ کے لیے افسوس ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ موجودہ کپتان نے اپنے سابق ساتھی کو تنقید کا نشانہ بنا کر ان کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔
وارنر نے اسکینڈل کے ذاتی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس تنازع کے بعد ان کی اہلیہ کینڈس کا حمل ضائع ہو گیا تھا۔
اس تنازع کے دوبارہ سامنے آنے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے 2018 کے واقعے کی تحقیقات پر نظرثانی کے مطالبات بھی اٹھے، تاہم ادارے کی قیادت نے رواں ہفتے تحقیقات دوبارہ کھولنے کا امکان مسترد کر دیا۔
عثمان خواجہ کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کریں گے، پیٹ کمنز
پیٹ کمنز نے کہا کہ وہ عثمان خواجہ کے دوست ہیں اور انہیں اپنے تجربات بیان کرنے کا حق حاصل ہے، تاہم ان کے بقول خودنوشت میں لگائے گئے بعض الزامات ان کے سابق ساتھیوں کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں رواں ہفتے قانونی مشورہ دیا گیا تھا کہ کتاب میں لگائے گئے بعض الزامات ہتکِ عزت کے زمرے میں آ سکتے ہیں، لیکن وہ خواجہ کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کریں گے۔
تقریباً 68 منٹ تک جاری رہنے والی پریس کانفرنس میں کمنز نے کہا کہ آسٹریلوی کرکٹ کو آٹھ سال پرانے واقعے سے آگے بڑھنا چاہیے اور اب اس معاملے پر لکیر کھینچنے کا وقت آ گیا ہے۔
