ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ’ایران کیساتھ ڈیل کی ضرورت‘ ختم ہونے کے بیان کے چند گھنٹوں بعد ہی بحرین میں امریکی ریڈار کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ٹرمپ نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکا کو ایران کے ساتھ اب کسی معاہدے کی ضرورت نہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے نائب صدر جے ڈی وینس کو ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں کے بجائے امریکا کی ڈیموکریٹک پارٹی کے زیرانتظام شہروں اور ریاستوں میں مبینہ جرائم اور بدعنوانی کے خلاف کارروائی پر مکمل توجہ دینے کی ہدایت کی تھی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ستمبر کے اوائل کے بعد ایران کا کسی خلیجی ملک میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملے کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا دعویٰ ہے جو ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع میں بظاہر عارضی وقفہ ہے تاہم خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔
رائٹرز کے مطابق ایرانی سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ پاسداران انقلاب نے یہ کارروائی ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے ضلع سیریک میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور پر مبینہ فضائی حملے کے جواب میں کی۔
پاسداران انقلاب کے مطابق بحرین میں امریکی ریڈار کو نشانہ بنانا جوابی کارروائی تھی۔ تاہم امریکا یا بحرین کی جانب سے فوری طور پر اس دعوے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
رائٹرز کے مطابق ایرانی فوج نے گزشتہ روز بھی وارننگ نظرانداز کرنے پر 4 آئل ٹینکرز پر حملوں کا بھی دعویٰ کیا تھا۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کا آغاز 28 فروری کو ایران پر امریکا اور اسرائیل کے فضائی حملوں سے ہوا تھا جو بعد ازاں پورے خطے میں پھیل گیا۔
جنگ کے دوران ایران نے خلیجی ممالک میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے جبکہ عالمی سطح پر تیل اور گیس کی ترسیل کی اہم گزرگاہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت محدود کرنے کی کوشش کی۔ دوسری جانب امریکا نے بھی ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی کر رکھی ہے۔
‘ٹرمپ کا ایران سے معاہدے سے انکار

راٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مذاکرات سے انکار سے متعلق بیان گزشتہ روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پوسٹ میں دیا تھا۔ اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا، ”ہمیں ایران کے ساتھ معاہدے کی ضرورت نہیں، وہ دن گزر چکے ہیں۔ امریکا کو ایران کے سینکڑوں ارب ڈالر مل چکے ہیں اور آبنائے ہرمز بھی اس کے کنٹرول میں ہے۔“
ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے وینس کو اب امریکا کے اندر مبینہ مالی بدعنوانی کے خلاف کارروائی پر توجہ دینے کا کہا ہے۔ ان کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کے زیرانتظام شہروں اور ریاستوں میں بڑے پیمانے پر مبینہ مجرمانہ سرگرمیوں کے خاتمے سے امریکی بجٹ کا خسارہ تیزی سے ختم کیا جا سکتا ہے۔ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک قیادت پر بدعنوانی کا الزام بھی عائد کیا۔
ٹرمپ نے یہ بیان اس وقت دیا ہے جب ایران کے ساتھ تنازع ختم کرنے کے لیے سفارتی رابطوں کی بحالی سے متعلق خبریں سامنے آ رہی تھیں۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے بھی ایک روز قبل رپورٹ کیا تھا کہ جے ڈی وینس ایران کے ایک سخت گیر سکیورٹی عہدیدار سے براہ راست ملاقات پر غور کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے حالیہ ہفتوں میں اشارہ دیا تھا کہ امریکی انتخابات کے بعد ایران 8 ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدے پر زیادہ آمادہ ہوسکتا ہے تاہم امریکی انتظامیہ نے رواں ہفتے عندیہ دیا کہ ایران کی بحری ناکہ بندی اور اقتصادی پابندیاں مؤثر ثابت ہو رہی ہیں اس لیے نہ فوجی کارروائی میں مزید شدت لانے اور نہ ہی سفارت کاری کی ضرورت ہے۔
رائٹرز کے مطابق امریکی فوج ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کر رہی ہے اور ساتھ میں اہم تجارتی گزرگاہ آبنائے ہرمز سے بین الاقوامی بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت ’یقینی بنانے کی کوششیں‘ بھی جاری ہیں۔
جے ڈی وینس کا ایران سے مذاکرات میں کیا کردار ہے؟
رائٹرز کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس فروری میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف شروع کی گئی جنگ کے بارے میں شکوک و شبہات رکھتے رہے ہیں۔ انہوں نے اپریل میں پاکستان میں ایرانی حکام کے ساتھ مذاکرات کی قیادت کی تھی جن کے نتیجے میں جون میں اسلام آباد میں مفاہمت کی ایک یادداشت طے پائی اور جنگ عارضی طور پر رک گئی تاہم چند ہفتوں بعد یہ مفاہمت بھی ناکام ہوگئی۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے گزشتہ ماہ کے آخر میں دعویٰ کیا تھا کہ ایران کو جے ڈی وینس کی جانب سے واشنگٹن کے ساتھ دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کے لیے ایک خط موصول ہوا ہے۔ تاہم ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہوں نے نائب صدر کو ایران سے رابطے کی ہدایت نہیں دی تھی۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے منگل کو پیرس میں اتحادی ممالک کے ساتھ مذاکرات کے بعد ایران کے ممکنہ معاہدے سے متعلق مطالبات کو مضحکہ خیز قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران جنگ کے ہرجانے کا مطالبہ کر رہا ہے اور صدر ٹرمپ کسی نامناسب معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ جے ڈی وینس کو 2028 کے امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی جانب سے ممکنہ امیدواروں میں سرفہرست سمجھا جاتا ہے۔ گزشتہ ہفتے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو ڈیموکریٹس کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد وینس نے ایران جنگ سے متعلق اپنی پوزیشن سے فاصلہ اختیار کر لیا تھا۔
وینس نے جنگ کے اخراجات کو ریپبلکن پارٹی کی انتخابی ناکامی کی ایک وجہ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ جنگ ختم کرنے کے لیے ان کا پہلے دیا گیا مشورہ درست تھا۔ ٹرمپ نے بھی ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے جنگ کو ضروری قرار دیتے ہوئے اپنے نائب صدر کے مؤقف کا دفاع کیا تھا۔



