گلگت بلتستان کے ضلع غذر کی وادی یاسین میں نوح پل کے مقام پر مسافر وین دریائے یاسین میں جا گری، افسوسناک حادثے میں 11 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ 2 افراد زخمی ہیں،مسافر وین گلگت سے یاسین جا رہی تھی۔
ریسکیو 1122 غذر کو رات تقریباً 8 بجے حادثے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد گوپس، گاہکوچ اور سنگل سے ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ کی جانب روانہ کی گئیں۔
مقامی حکام کے مطابق حادثہ بدھ کی شام تقریباً 7 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا، جب گلگت سے ہندور جانے والی مسافر ہائی ایس گاڑی نمبر NCP-247 بے قابو ہوکر دریائے یاسین میں جاگری۔ گاڑی میں ڈرائیور سمیت 13 افراد سوار تھے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ڈرائیور عادل، ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ملازم جمشید عالم، منظور، پاک فوج کے حاضر سروس اہلکار مرزا، سکندر شاہ، مرزا نادر، امتیاز اور شکور شاہ سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔ جاں بحق ہونے والے بیشتر افراد ہندور اور اوملسیٹ کے رہائشی بتائے گئے ہیں۔
دیگر جاں بحق افراد میں برکولتی کی رہائشی راحیلہ بی بی اور مرزا نادر کی بیٹی بھی شامل ہیں۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں ایک کمسن بچی، دلو خان اور منہاج ولد اشرف علی شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے آغا خان ہیلتھ سینٹر یاسین منتقل کیا گیا، جبکہ لاشیں سول اسپتال طاؤس منتقل کی گئیں۔ بعد ازاں تیرہ ماہ کی بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا، تاہم گاڑی دریا میں گرنے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔


