خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے حملے میں 12 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جب کہ متعدد کی شہادتوں کی اطلاعات ہیں۔
ترجمان خیبرپختونخوا پولیس کے جاری بیان کے مطابق پولیس کی نفری پر تھانہ گمبٹ کی حدود دربوکچ کے علاقے میں حملہ کیا گیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ’فتنہ الخوارج‘ نے پولیس نفری پر چھپ کر حملہ کیا جس میں آٹھ اہلکار زخمی ہوئے ہیں جب کہ شہادتوں کا بھی خدشہ ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) کوہاٹ کے مطابق واقعے میں چند شہادتوں کا خدشہ ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے دستے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اور فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
اپنے بیان میں ڈی پی او نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد ’خارجی‘ ہلاک ہوئے ہیں جب کہ حملہ آوروں کا تعاقب جاری ہے۔
ادھر ترجمان ریسکیو 1122 جواد آفریدی کے مطابق اب تک 12 پولیس اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق زخمی پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر لاشیں بھی موجود ہیں۔
کوہاٹ پولیس پر فائرنگ
تازہ ترین صورتحال
سامنے آ گئی
#HumNews https://t.co/9ToVuyrwdK— HUM News (@humnewspakistan) November 11, 2026
ریسکیو 1122 کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ 12 اہلکار زخمی ہیں جب کہ 11 اہلکار شہید ہوئے ہیں۔
حملے کی مذمت، رپورٹ طلب
ادھر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کوہاٹ میں پولیس گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ان کے بقول غیر قانونی مائننگ کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ دہشت گردوں کی یہ بزدلانہ کارروائی انتہائی قابل مذمت ہے۔ پولیس ٹیم پر فائرنگ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے پولیس حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
صوبائی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے کوہاٹ میں پولیس نفری پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید پولیس اہلکاروں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ شہید پولیس اہلکاروں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ وہ شہدا کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تھانہ گمبٹ کی حدود میں فتنہ الخوارج کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر حملہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ فتنہ الخوارج اور جرائم پیشہ عناصر کا گٹھ جوڑ امن و امان کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا بزدلانہ کارروائی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
