امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی معاملے پر حکومت کے ساتھ 9 سے 10 ادوار ہو چکے ہیں جس کے بعد حکومت نے کہا ہے کہ وہ پٹرولیم لیوی کو ’مرحلہ وار کم کرنے‘ پر غور کرے گی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا جماعت اسلامی کا پٹرولیم لیوی کے حوالے سے حتمی مسودہ بھی تیار ہے جس میں حکومت کو پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر متبادل تجاویز اور تکنیکی حل پیش کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لیوی معاملے پر آئی ایم ایف پروگرام کا حوالہ دے کر ٹال مٹول سے کام لینے کی کوشش کر رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ 1800 سی سی سے بڑی گاڑیوں پر پیٹرولیم لیوی بڑھائی جائے جبکہ ان گاڑیوں پر درآمدی ٹیکس بھی زیادہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑی گاڑیاں استعمال کرنے والا طبقہ حکومتی اور مراعات یافتہ طبقہ ہے جس پر اضافی بوجھ ڈال کر عام شہریوں کو ریلیف دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کی پیٹرول ریلیف اسکیم کا دائرہ 800 سی سی گاڑیوں سے بڑھا کر 1300 سی سی تک کیا جائے جبکہ 1800 سی سی سے بڑی گاڑیوں پر پیٹرولیم لیوی بڑھائی جائے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کو مزید ریلیف دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیڑھ کروڑ افراد کو ریلیف دینے کا دعویٰ کر رہی ہے تاہم 1300 سی سی گاڑیاں بھی متوسط طبقہ استعمال کرتا ہے۔ پاکستان میں عام طور پر ان گاڑیوں کو بڑی گاڑی تصور کیا جاتا ہے لیکن یہ تنخواہ دار طبقے کی بھی ضرورت ہیں جو ملک میں انکم ٹیکس ادا کرتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کسانوں کے ٹریکٹرز اور عوامی ٹرانسپورٹ کو بھی پیٹرولیم ریلیف اسکیم میں شامل کیا جائے۔ ان کے بقول حکومت عوام سے ہر ماہ تقریباً 150 ارب روپے پیٹرولیم لیوی وصول کر رہی ہے جبکہ ریلیف کی مد میں صرف 26 سے 30 ارب روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کا یہ دعویٰ کہ ڈیڑھ کروڑ افراد کو ریلیف دیا گیا ہے کافی نہیں کیونکہ ملک میں ڈھائی کروڑ سے زائد موٹر سائیکل سوار بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج اور دباؤ کے نتیجے میں حکومت ریلیف دینے پر مجبور ہوئی تاہم موجودہ اقدامات ناکافی ہیں۔
انہوں نے سرکاری افسران کو 1300 سی سی سے بڑی گاڑیاں استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ حکمران طبقے کی مراعات اور سرکاری اخراجات میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے۔
کوئٹہ اور لاہور میں جلسوں کا اعلان
حافظ نعیم نے اعلان کیا کہ پیٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے تک جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔ اس سلسلے میں 22 نومبر کو کوئٹہ میں جلسہ کیا جائے گا جبکہ 29 نومبر کو لاہور کے مینار پاکستان پر عوامی جلسہ منعقد ہوگا۔
انہوں نے ملک میں آئل ریفائنریز، چینی، آٹے، گیس اور آئی پی پیز کے کارٹیلز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ ان کے ذریعے عوام کا استحصال کیا جا رہا ہے جس میں حکومت اور اپوزیشن دونوں شریک ہیں۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف رواں سال 16 اگست کو دھرنوں کا آغاز کیا تھا، جو ابتدا میں چاروں صوبوں کے مرکزی شہروں میں دیے گئے اور بعد ازاں ملک کے دیگر اضلاع تک پھیل گئے۔
جماعت اسلامی نے اس سلسلے میں 3 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کی جبکہ 20 ستمبر کواسلام آباد کی جانب ’سپر لانگ مارچ‘ شروع کیا، 22 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک دورے سے واپسی پرجماعت اسلامی کی قیادت سے ملاقات کا وعدہ کرتے ہوئے لانگ مارچ مؤخر کرنے کی درخواست کی، جس پر جماعت اسلامی نے لانگ مارچ عارضی طور پر ملتوی کردیا تھا۔



