محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب کے بعض علاقوں اور شمالی بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے جو 12 نومبر کو مزید شدت اختیار کر سکتا ہے اور 14 نومبر کی صبح تک ملک کے بالائی علاقوں میں موجود رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، لاہور اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، مردان، سوات، دیر، چترال، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بارش، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے، بارش اور بلند پہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے، شمالی اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی بعض مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں، بشمول کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں موسم زیادہ تر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم دن کے اوقات میں موسم نسبتاً گرم رہ سکتا ہے۔
13 نومبر کو خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے جبکہ اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
🌤️Weekly Weather Outlook ( 11 – 17 November), 2026.
#PMD #weatherupdate #Rain #hotweather #Islamabad #punjab #Sindh #Balochistan #kpk #kashmir #gilgitbaltistan #StaySafe https://t.co/rmcyjqvy89— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) November 11, 2026
14 نومبر کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بالائی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے تاہم گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیز ہواؤں، آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے دوران غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کیا جائے۔
پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے باعث بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے۔



