راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام تک سری لنکا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 404 رنز بنا لیے ہیں اور اسے میزبان پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 30 رنز درکار ہیں۔
لنکن ٹیم نے بدھ کو کھیل کے تیسرے روز 114 رنز تین وکٹوں کے نقصان سے اپنی نامکمل اننگز شروع کی تو کمندو مینڈس 40 اور دھننجایا ڈی سلوا 22 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ دونوں بلے بازوں نے ٹیم کے مجموعی اسکور میں 51 رنز کا اضافہ کیا تو مینڈس محمد عباس کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔ وہ 8 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیل سکے۔
وکٹ پر آنے والے پانچویں بلے باز کپتان کوشل مینڈس نے ڈی سلوا کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے پاکستانی بولنگ کا ڈٹ کر سامنا کیا۔
ایک موقع پر ڈی سلوا کو اس وقت موقع ملا جب سلپ پر موجود سعود شکیل ان کا کیچ نہ پکڑ سکے۔ تیسرے روز کھیل کے اختتام ڈی سلوا 167 اور مینڈس 117 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
دوسرے دن کا کھیل
واضح رہے کہ سری لنکا کی جانب سے پہلی اننگز کا آغاز لاہیرو اُدارا اور پاسندو سوریا باندرا نے کیا، سری لنکا کو آغاز میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سری لنکا کا مجموعی اسکور ابھی 7 رنز پر پہنچا تھا کہ اس کی پہلی وکٹ گر گئی، پاسندو سوریاباندرا بغیر کوئی رنز بنائے محمد عباس کی گیند پر غازی غوری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
12 کے مجموعی اسکور پر دنیش چندیمل بھی ہمت ہار گئے وہ صرف ایک رنز بنا سکے، وہ ثاقب خان کی گیند پر سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کا مجموعی اسکور 65 پر پہنچا تو اس کی تیسری وکٹ گر گئی، لاہیرو اُدارا 42 رنز بنا کر ثاقب خان کی گیند پر غازی غوری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنائے تھے۔
کھیل کے دوسرے دن پاکستان کی جانب سے ثاقب خان نے دو جبکہ محمد عباس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پہلے دن کا کھیل خراب روشنی کے باعث روک دیا گیا تھا، پاکستان نے کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں 67.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے تھے۔
پاکستانی بیٹر سعود شکیل نے 57 رنز جبکہ غازی غوری نے 7 رنز کے ساتھ دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔ پاکستان کا اسکور جب 349 رنز ہوا تو غازی غوری مدوشنکا کی گیند پر سوریابندارا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 72 گیندوں پر 48 رنز بنائے۔
پاکستان کے 393 کے اسکور پر سعود شکیل بھی پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے شاندار کھیل کامظاہرہ کیا اور 199 گیندوں پر 93 رنز بنا کر اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
عرفات منہاس نے بھی شاندار کرکٹ کھیلی اور 72 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔ وہ مدوشانکا کی گیند پر ڈی سلوا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس وقت پاکستان کا اسکور 434 ہوچکا تھا۔ پاکستان کے اگلے بیٹر رضا اللہ بھی پاکستان کے مجموعی اسکور 434 پر آؤٹ ہوگئے۔
انہوں نے 11 گیندوں پر 10 رنز بنائے اور کمارا کی گیند پر اسیتھا فرنینڈو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے ثاقب خان 5 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
پہلے دن کا کھیل
راولپنڈی میں 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اذان اویس طیب عارف نے کیا، اذان اویس 30 رنز بنا کر رتنا نائیکے کا شکار بنے، جب ٹیم کا مجموعی اسکور 86 رنز تھا۔
قومی ٹیم کی دوسری وکٹ محض 4 رنز بعد 90 رنز پر گری جب طیب عارف نے 51 گیندوں پر 57 رنز بنا کر فرنینڈو کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، انہوں اپنی جارحانہ اننگز میں 9 چوکے اور ایک چھکا لگایا تھا۔
2 وکٹیں گرنے کے بعد محمد طحٰہ اور کپتان بابر اعظم کے درمیان 69 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ تاہم 159 رنز کے مجموعے پرکپتان بابر اعظم 58 گیندوں پر 50 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد 227 رنز کے مجموعے پر محمد طحٰہ 105 گیندوں پر 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
سلمان علی آغا اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 16 رنز بنا کر فرنینڈو کا شکار بن گئے، جب ٹیم کا اسکور 253 رنز تھا۔
سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دلشان مدوشنکا، ملان رتھنائیکے اور سونل ڈینوشا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 67.2 اوور ہوئے تھے کہ خراب روشنی کی وجہ سے پہلے دن کا کھیل ختم کرنا پڑا۔



