پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے وکلا سردار لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر نے ملاقات کی ہے، جس میں قانونی معاملات، زیرِ سماعت مقدمات اور 28ویں آئینی ترمیم پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے بتایا کہ وہ اور سلمان صفدر تقریباً چار گھنٹے تک عمران خان کے ساتھ موجود رہے جبکہ بشریٰ بی بی بھی اس ملاقات میں شریک تھیں۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سردار لطیف کھوسہ نے بتایا کہ عمران خان کو آنکھ اور بلڈ پریشر کا مسئلہ ہے، تاہم ملاقات کے دوران وہ بظاہر ہشاش بشاش اور مستعد دکھائی دیے۔
📌 جی میری اور سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے تقریبا چار گھنٹے ہم وہاں موجود رہے ۔۔
ملاقات میں بشری بی بی بھی ہمارے ہمراہ موجود تھی۔
قانونی امور پر بات چیت ہوئی کیسز کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔📌ان کی صحت کیسی تھی رپورٹر کا سوال ؟؟
انہیں انکھ کا مسئلہ ہے اور بلڈ پریشر کا مسئلہ ہے۔۔
لیکن بظاہر ملاقات میں وہ ہشاش بشاش تھے مستعد تھے۔📌 کیا قانونی مشاورت میں 28ویں ترمیم کے پر بھی بات ہوئی ہے ۔۔؟؟
جی بات ہوئی ہے لیکن اس کی تفصیلات میں میں نہیں جا سکتا۔۔
کل سلمان صفدر اس ساری ملاقات کا احوال سامنے رکھیں گے ہماری زیادہ تر قانونی امور پر بات ہوئی ہے۔
سردار لطیف کھوسہ— Ajmal Jami (@ajmaljami) November 11, 2026
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں زیادہ تر قانونی امور اور مختلف مقدمات پر بات چیت ہوئی۔ 28ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی، تاہم وہ اس کی تفصیلات نہیں بتا سکتے۔ ان کے مطابق سلمان صفدر کل اس ملاقات کی مکمل تفصیلات سامنے رکھیں گے۔
واضح رہے کہ یہ ملاقات اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ہوئی، جس نے منگل کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ القادر ٹرسٹ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کرتے ہوئے دونوں کو وکلا سے ملاقات کی اجازت دینے کی ہدایت کی تھی۔ وکلا نے عدالت کو بتایا تھا کہ انہیں اپنے مؤکلوں تک رسائی نہیں دی جا رہی اور اپیلوں پر مؤثر تیاری کے لیے ملاقات ضروری ہے۔
عمران خان اگست 2023 سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی جنوری 2025 سے جیل میں ہیں۔ دونوں کو القادر ٹرسٹ ریفرنس میں سزا سنائی گئی تھی اور ان سزاؤں کے خلاف اپیلیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہیں۔
عمران خان کی صحت، بالخصوص بینائی اور بلڈ پریشر، حالیہ دنوں میں بھی زیرِ بحث رہی ہے۔ 11 نومبر کی شب انہیں آنکھ کے معائنے اور مزید علاج کے لیے اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا تھا۔ اسپتال کے مطابق ان کی اہم طبی علامات معمول کے مطابق تھیں اور ان کی حالت مستحکم تھی
28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اس سے قبل یہ فیصلہ کر چکی ہے کہ مجوزہ ترمیم کی حمایت کو عمران خان کی رہائی سے مشروط کیا جائے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس معاملے پر اکثریتی ارکان نے یہی مؤقف اختیار کیا تھا۔ تاہم مجوزہ ترمیم کے مندرجات اور اس حوالے سے عمران خان کی تازہ ہدایات کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔



