پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی آنکھ کے معائنے کے بعد ایک مرتبہ پھر انہیں اسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ چھٹا موقع ہے کہ انہیں جیل سے اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (پمز) اسپتال لایا گیا جہاں انہیں ضروری طبی امداد دی گئی۔
پمز انتظامیہ کے مطابق عمران خان کو 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب اسپتال لایا گیا جہاں ان کے طبی معائنے کے ساتھ ساتھ آنکھوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ نے اپنے اعلامیے میں بتایا ہے کہ ماہرینِ جشم کی ٹیم نے عمران خان کی رضا مندی اور تمام احتیاطی تدابیر کے تحت متاثرہ آنکھ میں ’اینٹی ویسکولر انڈوتھلیل گروتھ فیکٹر (وی ای جی ایف) انجیکشن‘ لگایا۔
اعلامیے کے مطابق عمران خان انجیکشن کے عمل سے پہلے، دورانِ علاج اور بعد میں طبی طور پر مستحکم رہے جس کے بعد انہیں تقریباً 2 بج کر 30 منٹ پر اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
عمران خان کو آخری بار لگ بھگ 5 ماہ قبل پمز اسپتال لایا گیا تھا جہاں ان کی آنکھ میں ’اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن‘ لگایا گیا تھا اور اب تک انہیں مجموعی طور پر 6 انجیکشن دیے جا چکے ہیں۔
’اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن‘ کیوں ضروری ہے؟
’اینٹی وی ای جی ایف انجیکش‘ آنکھ کے پردے کی بیماری کے علاج کے لیے آنکھ کے اندر ہی لگایا جاتا ہے تاکہ غیر معمولی خون کی شریانوں کی افزائش اور ان سے خون کے اخراج کو روکا جا سکے۔
اس انجیکشن کا بنیادی مقصد بینائی کو مزید خراب ہونے سے بچانا اور بعض مریضوں میں بینائی بہتر بنانا ہوتا ہے۔
عمران خان اگست 2023 سے جیل میں قید ہیں اور انہیں مختلف مقدمات کا سامنا ہے۔ گزشتہ برس دورانِ قید انہوں نے آنکھ میں درد اور بینائی میں کمی کی شکایت کی تھی جس کے بعد انہیں پہلی مرتبہ 24 جنوری 2026 کو ’اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن‘ دیا گیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق رواں برس فروری میں سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا عمران خان کی دائیں آنکھ کی بینائی 15 فی صد رہ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کا دعویٰ تھا کہ اکتوبر 2025 تک ان کی دونوں آنکھوں کی بینائی نارمل تھی تاہم اکتوبر کے بعد انہیں مسلسل دھندلاہٹ کی شکایت ہونے لگی۔
پمز کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق جنوری 2026 میں عمران خان کی دائیں آنکھ میں ’سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن‘ نامی بیماری کی تشخیص ہوئی تھی۔ یہ دائیں آنکھ کے پردے کی مرکزی رگ میں خون کی روانی متاثر ہونے کی بیماری ہے۔
ماہرین چشم کے مطابق انسانی آنکھ میں ’وی ای جی ایف‘ نامی پروٹین خون کی نئی شریانیں بننے کا سبب بنتا ہے اور جب یہ عمل ضرورت سے زیادہ ہو تو ریٹینا میں سوجن پیدا ہو سکتی ہے، نظر دھندلی یا کمزور ہو سکتی ہے۔ اگر بروقت علاج نہ ہو تو بینائی مستقل طور پر متاثر ہو سکتی ہے جب کہ ’اینٹی وی ای جی ایف انجیکشن‘ اس پروٹین کی نشونما کو روکتا ہے۔
پمز اسپتال کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عمران خان کے تمام اہم طبی اشاریے معمول کے مطابق ہیں اور انہیں مزید علاج و فالو اَپ کے لیے ضروری طبی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔



