انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے زمبابوے کرکٹ کے چیئرمین تاوینگوا موکلانی کو نیا ڈپٹی چیئرمین مقرر کردیا، وہ اس عہدے پر فائز ہونے والے پہلے زمبابوین ہیں۔
تاوینگوا موکلانی نومبر 2027 تک ڈپٹی چیئرمین کی ذمہ داریاں انجام دیں گے، وہ عمران خواجہ کی جگہ عہدہ سنبھالیں گے جو ڈپٹی چیئرمین کے منصب سے سبکدوش ہورہے ہیں۔
تاوینگوا موکلانی پہلے ہی آئی سی سی کی فنانس اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی اور نومینیشنز کمیٹی کے رکن ہیں جبکہ وہ ہیومن ریسورسز اینڈ ریمیونریشن کمیٹی کی سربراہی بھی کررہے ہیں۔
آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے تاوینگوا موکلانی کی تقرری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ انتظامیہ میں ان کا تجربہ، عالمی کھیل کی سمجھ بوجھ اور اس کی ترقی کے لیے عزم آئی سی سی بورڈ کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔
جے شاہ کے مطابق تاوینگوا موکلانی کی تقرری زمبابوے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے جبکہ کرکٹ اس وقت عالمی سطح پر توسیع اور اولمپکس میں واپسی سمیت ایک نئے مرحلے میں داخل ہورہی ہے۔
2027 ورلڈ کپ کے میزبانوں میں بھی زمبابوے شامل
تاوینگوا موکلانی کی آئی سی سی میں بطور ڈپٹی چیئرمین تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب زمبابوے 2027 کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کی تیاری کررہا ہے۔
2027 کے ورلڈ کپ کی میزبانی زمبابوے، جنوبی افریقا اور نمیبیا مشترکہ طور پرکریں گے، یہ 24 سال بعد پہلا موقع ہوگا جب آئی سی سی مینز ورلڈ کپ ایک مرتبہ پھر افریقی سرزمین پر کھیلا جائے گا۔
Tavengwa Mukuhlani from Zimbabwe has been confirmed as the Deputy Chair of the ICC.https://t.co/1DLmCA2xTl
— ICC (@ICC) September 17, 2026
اس سے قبل افریقا میں آخری آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2003 میں جنوبی افریقا میں منعقد ہوا تھا۔
تاوینگوا موکلانی کا اظہار تشکر
تاوینگوا موکلانی نے ڈپٹی چیئرمین مقرر ہونے پر آئی سی سی بورڈ کے ارکان کے اعتماد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اعتماد پر خوشی اور اعزاز محسوس کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایک دلچسپ دور میں داخل ہورہی ہے، بالخصوص اولمپکس میں واپسی اور کھیل کے عالمی پھیلاؤ کے تناظر میں اور وہ عالمی کرکٹ کے بہترین مفاد میں اپنا کردار ادا کرنے کے منتظر ہیں۔
کرکٹ 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں دوبارہ اولمپک کھیلوں کا حصہ بننے والی ہے جسے کھیل کے روایتی مراکز ایشیا، آسٹریلیا اور انگلینڈ سے باہر عالمی سطح پر کرکٹ کے فروغ کی کوششوں کا اہم مرحلہ قرار دیا جارہا ہے۔



