جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید اور 5 زخمی ہو گئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مقامی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے منگل کو خان یونس میں پولیس چوکی کے قریب حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔
اکتوبر 2025 میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں مکمل طور پر بند نہ ہونے کے باعث علاقے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کے نصف سے زائد علاقے پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا، جو بعد ازاں بڑھ کر تقریباً دو تہائی حصے تک پہنچ گیا، جبکہ حماس کا کنٹرول غزہ کے ساحلی پٹی کے ایک محدود علاقے تک رہ گیا ہے۔
ایک ہفتہ قبل بھی اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی کے وسطی علاقے میں بڑا فوجی آپریشن کرتے ہوئے متعدد عمارتوں اور مکانات کو دھماکوں سے تباہ کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں بے گھر فلسطینی اپنے خیموں اور عارضی پناہ گاہوں سے نقل مکانی پر مجبور ہو گئے تھے۔
غزہ میں بڑے پیمانے پر تباہی، غذائی بحران اور نقل مکانی نے علاقے میں انسانی بحران کو مزید سنگین کر دیا ہے۔ اسرائیلی حملوں کے باعث غزہ کی پوری آبادی کو کم از کم ایک مرتبہ اپنے گھروں سے نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم ایک ہزار 600 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی قیادت میں اسرائیل پر حملے کے بعد شروع ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں غزہ کے اندر اب تک 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
خیال رہے غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کا آغاز 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد ہوا تھا۔ اس حملے کے جواب میں اسرائیل نے غزہ میں بڑے پیمانے پر فضائی اور زمینی کارروائیاں شروع کیں، جن کے نتیجے میں رہائشی عمارتیں، اسپتال، تعلیمی ادارے اور بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو گیا۔



