سعودی عرب کے شاہی خاندان کے شہزادہ سعود بن عبدالعزیز بن ناصر بن عبدالعزیز آل سعود انتقال کر گئے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ایوانِ شاہی نے شہزادے کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
شاہی اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شہزادے کی نمازِ جنازہ آج منگل کو نمازِ عصر کے بعد ریاض کی جامع امام ترکی بن عبداللہ میں ادا کی جائے گی۔
ایوانِ شاہی نے مرحوم کے لیے مغفرت اور بلند درجات کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی رحمت اور بخشش سے نوازے اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
سعودی عرب کے سرکاری بیان میں شہزادے کے انتقال کی وجہ یا دیگر ذاتی تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔
خیال رہے شہزادہ سعود بن عبدالعزیز بن ناصر بن عبدالعزیز آل سعود کا نام شاہی خاندان کی کسی اہم حکومتی یا انتظامی ذمہ داری کے بجائے 2010 میں لندن میں ایک قتل کے مقدمے کے باعث عالمی سطح پر خبروں میں آیا تھا۔
فروری 2010 میں لندن کے مشہور لینڈ مارک ہوٹل میں ان کے ذاتی ملازم اور معاون بندر عبدالعزیز کی لاش ملی تھی۔
برطانوی پولیس کی تحقیقات کے بعد شہزادہ سعود کو قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ مقدمے کی سماعت لندن کی اولڈ بیلی عدالت میں ہوئی۔
19 اکتوبر 2010 کو جیوری نے انہیں اپنے ملازم بندر عبدالعزیز کے قتل کا مجرم قرار دیا۔ عدالت میں پیش کیے گئے شواہد کے مطابق مقتول کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اس کی موت مار پیٹ اور گلا دبانے کے نتیجے میں ہوئی تھی۔
20 اکتوبر 2010 کو عدالت نے شہزادہ سعود کو عمر قید کی سزا سنائی۔ جج نے واضح کیا تھا کہ شاہی خاندان سے تعلق رکھنے کی بنیاد پر انہیں سزا میں کوئی رعایت نہیں دی جا سکتی۔
مارچ 2013 میں برطانوی حکومت کی منظوری سے شہزادہ سعود کو برطانیہ سے سعودی عرب منتقل کر دیا گیا تھا تاکہ وہ اپنی باقی سزا اپنے ملک کی جیل میں پوری کر سکیں۔


