گریمی ایوارڈ یافتہ امریکی پاپ گلوکارہ مائلی سائرس نے اپنے دیرینہ ساتھی اور میوزک بینڈ لیلی کے ڈرمر میکس مورانڈو سے کیلیفورنیا میں نجی تقریب کے دوران شادی کرلی۔
33 سالہ گلوکارہ نے انسٹاگرام پر شادی کی بلیک اینڈ وائٹ تصاویر شیئر کیں جن کے ساتھ مختصر الفاظ میں ’’M + M‘‘ اور تاریخ ’’21.11.26‘‘ درج تھی۔
View this post on Instagram
مائلی سائرس نے شادی کی تقریب میں سفید رنگ کا بیک لیس سلک گاؤن زیب تن کیا جبکہ ان کے 28 سالہ شوہر میکس مورانڈو سیاہ رنگ کے روایتی سوٹ اور سفید شرٹ میں نظر آئے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں نے ہفتے کے روز کیلیفورنیا کے شہر پام اسپرنگز میں شادی کی۔ امریکی جریدے پیپل میگزین اور انٹرٹینمنٹ ٹونائٹ نے بھی سب سے پہلے اس شادی کی خبر دی۔
5 سالہ تعلق شادی میں کیسے بدلا؟
مائلی سائرس اور میکس مورانڈو تقریباً 5سال سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ گلوکارہ نے برطانوی جریدے ووگ کو 2023 میں دیے گئے انٹرویو میں بتایا تھا کہ دونوں کی پہلی ملاقات 2021 میں ایک ’بلائنڈ ڈیٹ‘ کے ذریعے ہوئی تھی۔
مائلی سائرس نے اس ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ملاقات ان کے لیے بلائنڈ ڈیٹ تھی لیکن میکس کے لیے ایسا نہیں تھا۔ان کے بقول انہوں نے اس وقت سوچا تھا کہ زیادہ سے زیادہ یہ ہوسکتا ہے کہ وہ ملاقات ادھوری چھوڑ کر واپس آجائیں۔
شادی سے تقریباً ایک ماہ قبل مائلی سائرس اور میکس مورانڈو نے ہالی ووڈ بول میں ایک ساتھ’لیٹس گیٹ میریڈ‘ گانا پیش کیا تھا جو مائلی سائرس کے تازہ اسٹوڈیو البم ’باس پرسویڈز‘ میں بھی شامل ہے۔
گلوکارہ نے امریکی ٹی وی چینل اے بی سی کے پروگرام ’گڈ مارننگ امریکا‘ میں شرکت کے دوران ڈرمر میکس مورانڈو سے اپنی منگنی کا بھی ذکر کیا تھا۔
میکس مورانڈو لاس اینجلس میں قائم راک بینڈ ’لیلی‘ کے ڈرمر ہیں جس کا تعلق اٹلانٹک ریکارڈز سے ہے۔
مائلی سائرس کی پہلی شادی کس سے ہوئی تھی؟
مائلی سائرس اس سے قبل آسٹریلوی اداکار لیام ہیمس ورتھ سے شادی کرچکی ہیں تاہم یہ رشتہ زیادہ عرصے برقرار نہ رہ سکا اور لیام ہیمس ورتھ نے 2019 میں لاس اینجلس میں طلاق کے لیے درخواست دائر کردی تھی۔
