آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے سپر سکسز مرحلے میں پاکستان ویمن ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا ویمن کے ہاتھوں 4 رنز سے شکست ہوگئی۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں اسکاٹ لینڈ ویمنز کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی، گل فیروزہ اور کپتان منیبہ علی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا تھا۔
کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق عجمان میں کھیلے گئے ایونٹ کے ساتویں میچ میں سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 141 رنزکا ہدف حاصل کرنے میں پاکستانی ٹیم ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر136 رنزبنا سکی۔
سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورزمیں 6 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے، سری لنکا کی جانب سے امیشا دولانی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر56 رنزکی اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور2 چھکے شامل تھے۔
وشمی گونارتنے نے 30 جبکہ سنجنا کاوندی نے 16 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے امِ حانی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 17 رنزدے کر3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ طوبیٰ حسن نے ایک وکٹ حاصل کی، نَشرا سندھو نے بھی ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اورابتدائی تین وکٹیں صرف 16 رنز پرگر گئیں، گل فیروزہ بغیرکوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں جبکہ شوال ذوالفقار نے 4 اور کپتان منیبہ علی نے 7 رنز بنائے۔
عمائمہ سہیل نے 37 گیندوں پر 36 رنز بنا کر مزاحمت کی، جبکہ طوبیٰ حسن نے 18 گیندوں پر24 رنزاسکور کئے تاہم دونوں کھلاڑیوں کی کوششیں پاکستان کو کامیابی نہ دلا سکیں۔
آخری اوورز میں تاسمیہ رباب نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 11 گیندوں پر23 رنزبنائے اورناٹ آؤٹ رہیں لیکن ٹیم مقررہ اوورز میں ہدف سے 4 رنز پیچھے رہ گئی۔
سری لنکا کی جانب سے ستیہ سندیپانی نے 29 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سوگندیکا کماری نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ملکی مادارا اور نیلکشیکا سلوا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کی امیشا دولانی کو 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔



