بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے اتوار کو سری لنکا کو شکست دے کر ویمنز ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تاہم ٹائٹل جیتنے کے بعد بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں بھارتی ٹیم کے کوچ امول مزومدار سے جیو نیوز نے سوال کیا کہ ٹیم کو ٹرافی کب ملے گی؟جس پر انہوں نے جواب دیا کہ انہیں ٹرافی کے بارے میں کچھ معلوم نہیں اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی اطلاع ہے کہ ٹرافی کب ملے گی۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا بھارتی ٹیم نے بی سی سی آئی کی ہدایت پر ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا تو بھارتی کوچ نے تصدیق کی کہ فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیا تھا اور کھلاڑیوں نے اس پر عمل کیا۔
امول مزومدار نے کہا کہ یہ مؤقف بی سی سی آئی نے اختیار کیا تھا ہم متحد ہیں اور اس مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ایک صحافی نے جب نشاندہی کی کہ بھارتی ٹیم اسی طرح کے حالات میں پہلے بھی ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر چکی ہے تو کوچ سے پوچھا گیا کہ کیا تازہ اقدام کھیل کی روح اور اسپورٹس مین شپ کے خلاف ہے؟
بھارتی کوچ نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ بی سی سی آئی نے کیا تھا اور خواتین ٹیم نے اس فیصلے پر عمل کیا۔
واضح رہے سری لنکا کے خلاف فائنل میں بھارتی ٹیم نے 72 رنز سے کامیابی حاصل کرکے ویمنز ایشیا کپ کا ٹائٹل آٹھویں مرتبہ جیتا تاہم ٹرافی کی تقریب کے موقع پر بھارتی ٹیم ڈریسنگ روم سے باہر نہیں آئی۔
The Women’s Asia Cup closing ceremony was delayed as Mr. MohsinNaqvi arrived at the venue. pic.twitter.com/LFY9Vi3wIm
— Au Rangzab Younis (@SardarAurangzab) September 13, 2026
سری لنکن کپتان چماری اتھاپتھو نے محسن نقوی سے رنرز اپ کی انعامی رقم کا چیک وصول کیا۔
یاد رہے بھارتی خواتین ٹیم کی جانب سے ٹرافی وصول نہ کرنے کا واقعہ گزشتہ سال کے ایشیا کپ میں ہونے والے تنازع سے مماثلت رکھتا ہے۔ گزشتہ سال مردوں کے ایشیا کپ کے فائنل میں بھی بھارت نے پاکستان کو شکست دینے کے بعد محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی۔
تازہ واقعے کے بعد مسلسل دوسرے سال ایسا ہوا ہے کہ بھارتی ایشیا کپ فاتح ٹیم نے مقررہ تقریب میں ٹرافی وصول نہیں کی۔


