گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور کے ’عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم‘ کا نام دوبارہ وہی رکھنے کا اعلان کیا ہے جو لگ بھگ چار دہائیوں سے چلا آ رہا تھا۔
پشاور کے تاریخی علاقے شاہی باغ میں واقع کرکٹ اسٹیڈیم کا شمار پاکستان کے اُن میدانوں میں ہوتا ہے جہاں کئی دہائیوں تک بین الاقوامی کرکٹ کھیلی جاتی رہی۔ اس میدان کو دنیا بھر میں ’ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم‘ کے نام سے پہچانا گیا۔
لیکن سال 2025 میں خیبر پختونخوا حکومت نے اس اسٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کے نام پر رکھ دیا تھا۔ تاہم گورنر خیبر پختونخوا نے اب اسٹیڈیم کا نام بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ارباب نیاز محمد خان کون تھے؟
ارباب نیاز محمد خان کے نام سے تقریباً چار دہائیوں تک پشاور کے تاریخی کرکٹ اسٹیڈیم کا نام منسوب رہا۔ ارباب نیاز نہ تو قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی تھے اور نہ ہی کرکٹ کے میدان میں اُن کی کوئی نمایاں کارکردگی تھی۔ البتہ اس نام کے پیچھے ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جس کی زندگی فوج، سیاست، بلدیاتی انتظامیہ اور کھیلوں کے فروغ سے جڑی رہی۔
ارباب نیاز محمد خان پشاور کے پہلے میئر رہے اور بعد ازاں وفاقی وزیر برائے ثقافت، کھیل اور سیاحت بھی مقرر ہوئے۔ اُن کا شمار پشاور کے بااثر سیاسی اور انتظامی شخصیات میں ہوتا تھا۔
ارباب نیاز محمد فوج سے وابستہ رہے اور بعد میں عملی سیاست میں آئے، انہیں عموماً کرنل ارباب نیاز کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔
ان کی زندگی کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ وہ پاکستان کی ابتدائی سیاسی تاریخ کے ایک متنازع واقعے، یعنی راولپنڈی سازش کیس، سے بھی منسلک رہے۔
1951 میں پیش آنے والے اس مقدمے میں فوج کے بعض افسران اور دیگر شخصیات پر حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ بعد ازاں وہ فوج سے الگ ہو کر سیاسی اور انتظامی سرگرمیوں میں شامل ہوئے۔
پشاور کے پہلے میئر کیسے بنے؟
سال 1979 میں پاکستان میں بلدیاتی انتخابات کے بعد ارباب نیاز محمد خان پشاور کے پہلے میئر منتخب ہوئے۔ یہ وہ دور تھا جب پشاور کی شہری انتظامیہ کو منظم کرنے، بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے اور شہر کے لیے نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی کوششیں جاری تھیں۔
اُس وقت پشاور شہر میں کرکٹ کے مقابلے زیادہ تر پشاور کلب گراؤنڈ میں کھیلے جاتے تھے، لیکن وہاں بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے لیے مطلوبہ سہولتیں موجود نہیں تھیں۔ اس زمانے میں شاہی باغ میں ایک بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کا منصوبہ سامنے آیا، جسے آگے بڑھانے اور اس کی تکمیل میں ارباب نیاز کا کردار نمایاں تھا۔
مارچ 1981 میں ارباب نیاز محمد خان وفاقی وزیر برائے ثقافت، کھیل اور سیاحت مقرر ہوئے، وہ فروری 1985 تک اس عہدے پر فائز رہے۔ اسی عرصے میں شاہی باغ کرکٹ اسٹیڈیم کے منصوبے کا آغاز ہوا اور 1984 میں اسٹیڈیم کی تکمیل کے بعد اسے ’شاہی باغ اسٹیڈیم‘ کا نام دیا گیا۔ بعد ازاں یہ پاکستان کے اہم بین الاقوامی کرکٹ میدانوں میں شامل ہو گیا۔
اسٹیڈیم کا نام ارباب نیاز کے نام پر کب رکھا گیا؟
اکتوبر 1987 میں ارباب نیاز محمد خان کا انتقال ہوا تو پشاور میونسپل کارپوریشن نے ایک قرارداد کے ذریعے شاہی باغ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے ’ارباب نیاز اسٹیڈیم‘ رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اس فیصلے کا بنیادی مقصد پشاور میں کرکٹ کے ایک بڑے مرکز کے قیام اور اس کی ترقی میں ان کی خدمات کا اعتراف تھا۔
یوں ایک ایسا شخص، جس نے خود کرکٹ نہیں کھیلی تھی، شہر کے سب سے نمایاں کرکٹ میدان کی شناخت بن گیا۔
ارباب نیاز اسٹیڈیم صرف ایک کھیل کا میدان نہیں تھا بلکہ پشاور کو عالمی کرکٹ کے نقشے پر نمایاں کرنے کا ذریعہ بھی بنا۔
اس میدان نے پاکستان کو بین الاقوامی ٹیموں کی میزبانی کا موقع فراہم کیا۔ یہاں ٹیسٹ میچز اور ایک روزہ بین الاقوامی مقابلے کھیلے گئے۔ بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے جیسی ٹیمیں بھی یہاں کھیلنے آئیں۔
اسٹیڈیم کی ایک خاص بات اس کا الیکٹرانک اسکور بورڈ تھا، جسے اس دور میں پاکستان کے کسی کرکٹ گراؤنڈ پر اپنی نوعیت کی پہلی سہولت قرار دیا گیا۔
پشاور کے شائقین کے لیے اس میدان میں بین الاقوامی کرکٹ دیکھنا ایک منفرد تجربہ تھا۔
سال 05-2004 میں بھارت کے دورۂ پاکستان کے دوران بھی اس میدان میں میچ کھیلا گیا۔ فروری 2006 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا ایک روزہ بین الاقوامی میچ اس اسٹیڈیم کا آخری بین الاقوامی مقابلہ ثابت ہوا۔
تقریباً 38 سال تک ارباب نیاز کے نام سے پہچانے جانے والے اسٹیڈیم کی شناخت فروری 2025 میں ایک بار پھر سیاسی بحث کا موضوع بنی۔
پاکستان تحریکِ انصاف کی صوبائی حکومت نے 21 فروری 2025 کو اسٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے ’عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم‘ رکھنے کی منظوری دی۔ حکومت کا مؤقف تھا کہ سابق وزیر اعظم اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کی کرکٹ اور کھیلوں کے لیے خدمات کے اعتراف میں یہ فیصلہ کیا گیا۔
تاہم اس فیصلے پر ارباب خاندان اور پشاور کے بعض سیاسی حلقوں نے اعتراض کیا۔ ارباب نیاز کے صاحبزادے ارباب شہزاد نے بھی اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا، ان کا مؤقف تھا کہ اگر عمران خان کو خراجِ تحسین پیش کرنا مقصود تھا تو کسی دوسرے کھیل کے میدان کو ان کے نام سے منسوب کیا جا سکتا تھا۔ اسٹیڈیم سے ان کے والد کا نام ہٹانا مناسب نہیں تھا۔
اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ بعد ازاں پشاور ہائی کورٹ میں بھی چیلنج کیا گیا۔ مارچ 2026 میں عدالت نے صوبائی حکومت سے اس معاملے پر جواب بھی طلب کیا۔
درخواست گزاروں کا مؤقف تھا کہ نام کی تبدیلی کے فیصلے میں متعلقہ انتظامی قواعد اور قانونی طریقہ کار کو نظر انداز کیا گیا۔
خیبر پختونخوا کے موجودہ گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ کرکٹ اسٹیڈیم کا نام پشاور کی تاریخ کو محفوظ رکھنے، اس کے ورثے کا احترام کرنے اور ان لوگوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا معاملہ ہے جنہوں نے اپنے کام اور کامیابیوں کے ذریعے صوبے کے کھیلوں کے ورثے میں حقیقی کردار ادا کیا۔

