عام طور پر پلنگ پر بچھے گدوں کی باقاعدہ صفائی کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی جاتی کیونکہ وہ بظاہر صاف اور اجلے دکھائی دیتے ہیں۔ اور پھر یہ بھی خیال آتا ہے کہ گدے پر تو چادر بچھی ہوتی ہے، وہی تبدیل اور واش ہونی چاہیے۔
یہی بات امریکا میں ایک ہزار افراد پر کیے گئے سروے میں سامنے آئی جس کے مطابق 58 فیصد افراد کبھی اپنے گدے کی صفائی نہیں کرتے، جبکہ صرف 7 فیصد ہر ماہ اسے صاف کرتے ہیں۔
سروے میں 42 فیصد افراد نے اعتراف کیا کہ وہ ورزش کے بعد نہائے بغیر بستر پر چلے جاتے ہیں، جبکہ 46 فیصد افراد اپنے پالتو جانوروں کو بھی بستر پر جانے کی اجازت دے دیتے ہیں۔
ان افراد کا بھی یہی خیال ہے کہ بیڈ شیٹ تبدیل کیے جانے کے بعد گدے کی صفائی کی کوئی لاجک نہیں بنتی۔
لیکن ایسا نہیں ہے۔
بظاہر اجلا اور صاف دکھائی دینے والے گدے میں بھی گرد کے ذرات، جلد کے مردہ خلیے، جسم کی چکنائی، پسینہ، پولن اور پالتو جانوروں کے بال جمع ہوسکتے ہیں، جو الرجی اور دیگر مسائل کا سبب بن سکتے ہیں۔

امریکی ادارے ایسما اینڈ الرجی فاؤنڈیشن آف امریکا (اے اے ایف اے) کے سربراہ کینتھ مینڈیز کے مطابق گدے میں گرد اور جلد کے ذرات کے علاوہ پولن، پالتو جانوروں کے بال اور پھپھوندی بھی جمع ہوسکتی ہے۔
اسی طرح امریکن کلیننگ انسٹی ٹیوٹ کی صفائی کی ماہر کیٹی سلیوان سمجھتی ہیں کہ اگر گدے پر کوئی داغ یا حادثاتی طور پر کچھ گرنے کا معاملہ نہ ہو تو ہر 6 ماہ بعد اس کی مکمل صفائی کافی ہوسکتی ہے۔
تاہم الرجی کے شکار افراد اور پالتو جانوروں کے ساتھ سونے والوں کو زیادہ بار صفائی کرنی چاہیے اور گدے کے حفاظتی غلاف کو بھی باقاعدگی سے دھونا چاہیے۔
گدے کی صفائی کا درست طریقہ
ان ماہرین کے مطابق گدے کی صفائی کے لیے ویکیوم کلینر، بیکنگ سوڈا، ہلکا ڈیٹرجنٹ یا انزائم کلینر، صاف کپڑے اور اسپرے بوتل استعمال کی جاسکتی ہے۔
سب سے پہلے چادر، تکیے کے غلاف، کمبل اور گدے کے حفاظتی غلاف کو دھونا چاہیے۔ کینتھ مینڈیز کے مطابق الرجی پیدا کرنے والے ذرات سے بچاؤ کے لیے ان اشیا کو ہفتہ وار گرم پانی میں دھونا بہتر ہے، جس کا درجہ حرارت کم از کم 130 ڈگری فارن ہائیٹ (تقریباً 54 ڈگری سینٹی گریڈ) ہو۔
اس کے بعد ویکیوم کلینر کی مدد سے گدے کی پوری سطح، کناروں اور درزوں کو اچھی طرح صاف کرنا چاہیے، کیونکہ ان جگہوں پر گرد اور دیگر ذرات جمع ہوسکتے ہیں۔

اگر گدے پر کوئی چیز گر جائے تو اسے فوراً رگڑنے کے بجائے صاف کپڑے سے آہستگی سے جذب کرنا چاہیے۔ عام داغوں کے لیے کپڑے دھونے والا ڈیٹرجنٹ یا برتن دھونے والا صابن یا لیکوڈ استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ پیشاب، پسینے اور خون جیسے حیاتیاتی داغوں کے لیے انزائم کلینر زیادہ موزوں ہے۔
انٹرنیشنل سلیپ پراڈکٹس ایسوسی ایشن کی ترجمان میری ہیلن راجرز کے مطابق انزائم کلینر داغ کو توڑنے میں مدد دیتا ہے۔ اسے صرف متاثرہ جگہ پر کم سے کم مقدار میں استعمال کرنا چاہیے اور پھر صاف تولیے سے نمی جذب کرلینی چاہیے۔ زیادہ تر انزائم کلینرز کو اثر دکھانے کے لیے 15 سے 30 منٹ درکار ہوتے ہیں، تاہم استعمال سے پہلے مصنوعات کی ہدایات دیکھنا ضروری ہے۔
پیشاب یا خون کے داغ صاف کرنے کے بعد، جب متاثرہ جگہ زیادہ تر خشک ہوجائے تو اس پر بیکنگ سوڈا چھڑکا جاسکتا ہے۔ میری ہیلن راجرز کے مطابق بیکنگ سوڈا باقی رہ جانے والی نمی اور بو جذب کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اسے کئی گھنٹے لگا رہنے کے بعد ویکیوم کلینر سے صاف کیا جاسکتا ہے۔ اگر گدے سے صرف باسی بو آرہی ہو تو بھی بیکنگ سوڈا کم از کم 30 منٹ تک لگا رہنے دیا جاسکتا ہے۔
صفائی مکمل ہونے کے بعد گدے کو دوبارہ استعمال کرنے سے پہلے مکمل طور پر خشک کرنا ضروری ہے۔ کھڑکیاں کھولنے، پنکھے چلانے یا ڈی ہیومیڈیفائر استعمال کرنے سے گدے کو جلد خشک کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اسے ایک طرف کھڑا کرنے سے بھی ہوا کی آمدورفت بہتر ہوتی ہے۔
صفائی کے دوران کن غلطیوں سے بچیں؟
زیادہ پانی استعمال نہ کریں کیونکہ نمی کی زیادتی پھپھوندی پیدا ہونے کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے پانی کم سے کم استعمال کریں۔
داغ رگڑنے سے گریز کریں۔ رگڑنے کے بجائے کپڑے سے آہستگی سے نمی جذب کریں، تاکہ داغ مزید اندر نہ جائے۔
بلیچ استعمال نہ کریں۔ اس سے گدے کا کپڑا اور اندرونی مواد خراب ہوسکتا ہے۔
اسٹیم کلینر استعمال نہ کریں۔ بھاپ کی حرارت داغ اور بو کو مستقل کرسکتی ہے، جبکہ نمی پھپھوندی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرتی ہے۔

ہیئر ڈرائر سے خشک نہ کریں۔ اس کی حرارت باقی رہ جانے والے داغوں اور بو کو مزید پختہ کرسکتی ہے۔
گدے کو صاف رکھنے کا آسان طریقہ
ماہرین کے مطابق گدے کو طویل عرصے تک صاف رکھنے کے لیے اس پر حفاظتی غلاف یا کور چڑھانا سب سے آسان طریقہ ہے۔ واٹر پروف کور استعمال کرنے سے مائع گدے تک پہنچنے سے روکا جاسکتا ہے اور داغوں کی صفائی کی ضرورت بھی کم ہوجاتی ہے۔
ایسما اینڈ الرجی فاؤنڈیشن آف امریکا بھی تجویز کرتی ہے کہ گدے اور اس کے نیچے موجود باکس اسپرنگ کو مکمل صفائی کے بعد حفاظتی غلاف سے ڈھانپ دیا جائے، تاکہ الرجی پیدا کرنے والے ذرات ان کے اندر جمع نہ ہوں۔
