بھارتی ویمن ٹیم نے ویمن ایشیا کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا، تاہم بھارتی ٹیم نے صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کردیا۔
بھارتی ویمن ٹیم بھی کھیل میں سیاست کو لانے سے باز نہیں آئی۔ دبئی میں کھیلے گئے ویمن ایشیا کپ میں بھارت نے فائنل میں کامیابی کے بعد ایک بار پھر اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کی۔ بھارتی ویمن ٹیم نے صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا۔
گزشتہ برس بھی بھارت کی مینز ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کیا تھا۔
اس سے قبل دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔
بھارتی اوپنرز شفالی ورما اور سمرتی مندھنا نے 129 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، شفالی ورما نے 68 جبکہ سمرتی مندھنا نے 59 رنز بنائے۔ رچا گھوش نے 17 اور کپتان ہرمن پریت کور نے 14 رنز اسکور کیے۔
سری لنکا کی جانب سے متھالی ایودھیا، چماری اتاپتو اور چمودی پرابودا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 20ویں اوور کی آخری گیند پر 111 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ کپتان چماری اتاپتو نے 36 جبکہ نیلاک شیکا سلوا نے 22 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے شری چرانی نے 4 اور دپتی شرما نے 3 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
بھارتی ویمن ٹیم نے 72 رنز سے کامیابی حاصل کرکے ویمن ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔


