پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیجنڈ وسیم اکرم کا 27 سال پرانا ریکارڈ برابر کر دیا۔
برمنگھم ٹیسٹ میں عباس نے صرف گیند سے ہی نہیں بلکہ بلے سے بھی پاکستان کی مزاحمت میں اہم کردار ادا کیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے 36 سالہ محمد عباس نے انگلینڈ کے خلاف برمنگھم میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں 42 رنز بنائے۔ انہوں نے 9ویں وکٹ پر رضا اللہ کے ساتھ 121 رنز کی شراکت قائم کی، جس کی بدولت پاکستان کا مجموعی اسکور 449 رنز تک پہنچ گیا تھا۔
Mohammad Abbas joins Wasim Akram in an exclusive list 👏 pic.twitter.com/jso61sDwIv
— Cricbuzz (@cricbuzz) September 12, 2026
اس کے بعد 130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کے خلاف محمد عباس نے ابتدائی اوورز میں ہی 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل 1999 میں وسیم اکرم نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز کے ابتدائی اوورز میں 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ محمد عباس نے انگلینڈ کے خلاف یہ کارنامہ دہرا کر وسیم اکرم کے 27 سال پرانا ریکارڈ برابر کرلیا۔
محمد عباس ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی لائن، لینتھ اور سوئنگ بولنگ کے لیے مشہور ہیں۔ وہ طویل عرصے سے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ رہے ہیں اور انگلینڈ کی کنڈیشنز میں بھی ان کی بولنگ کو خاص طور پر مؤثر سمجھا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میں 8 وکٹوں سے شکست دی تھی، آخری ٹیسٹ میں 130 رنز کا ہدف انگلینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا تھا۔
انگلینڈ نے پاکستان کو پہلی بار ہوم سیریز میں وائٹ واش کیا ہے۔ سیریز میں پاکستان کی بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی، سیریز ہارنے کے باعث ٹیم کی عالمی پوزیشن بھی متاثر ہوئی ہے۔
پاکستان کی حالیہ ٹیسٹ کارکردگی مسلسل تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے، گرین کیپس کو اہم میچز میں کامیابی حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کا براہِ راست اثر ٹیم کی پوزیشن پر پڑ رہا ہے۔ پاکستان اس سے قبل بنگلہ دیش کیخلاف بھی 0-2 سے ٹیسٹ سیریز ہار چکا ہے۔



