پبنجاب کے ضلع پاکپتن کے نواحی گاؤں میں جنات کے اثرات کا شبہ ہونے پر باپ نے مبینہ طور پر اپنے 12 سالہ سگے بیٹے کی جان لے لی۔
پاکستان میں جنات کا اثر ختم کرنے کے نام پر تشدد کے واقعات ماضی میں بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ جولائی 2026 میں گوجرانوالہ میں چار سالہ بچی کو جنات کے اثرات سے نجات دلانے کے نام پر آگ لگانے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں پولیس نے بچی کی والدہ اور تین بہن بھائیوں کو گرفتار کیا تھا۔
مئی 2024 میں بہاولنگر میں بھی ایک 18 سالہ نوجوان کو جنات کے اثر سے نجات دلانے کے نام پر مبینہ تشدد کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ایک عامل نے دوران تفتیش تشدد کے ذریعے جن نکالنے کا اعتراف کیا تھا۔
حالیہ واقعہ عارف والا کے نواحی گاؤں 19 ای بی میں پیش آیا ہے۔ پولیس کے مطابق گاؤں کا رہائشی نذیر احمد مبینہ طور پر کالا جادو کرتا تھا اور اسے وہم تھا کہ اس کے 12 سالہ بیٹے عبداللہ پر جنات کے اثرات ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم نے جنات کے اثرات ختم کرنے کے لیے بیٹے کے سر پر آہنی راڈ مارا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی پی او جاوید چدھڑ کی ہدایت پر پولیس کی بھاری نفری نے گاؤں پہنچ کر ملزم نذیر احمد کو حراست میں لے لیا جبکہ بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی۔
درج مقدمہ کے مطابق ملزم نذیر مالش کا کام کرتا تھا اور ساتھ میں عملیات بھی کرتا تھا، واقعہ کے روز نذیر کا بڑا بھائی علی احمد اور عزیز آصف نامی شخص بھی گھر پر موجود تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق نذیر نے بچے کو پکڑ کر بٹھایا، بچہ اٹھ کر باہر جانے لگا تو نذیر نے اس کے سر پر لوہے کے راڈ سے وار کیا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
