بھارت میں گزشتہ 2 برس سے جلا وطنی کی زندگی گزارنے والی بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے 16 دسمبر کو وطن واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔
شیخ حسینہ واجد نے اس سے قبل جولائی میں بھی وطن واپسی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ دسمبر میں اپنی جماعت کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ بنگلہ دیش واپس آکر عدالت کے سامنے سرنڈر کریں گی۔ بعد ازاں 9 نومبر کو انہوں نے نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے لیے درخواست دی جسے بنگلہ دیشی حکومت نے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی دہشت گرد کو پاسپورٹ جاری نہیں کرے گی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شیخ حسینہ واجد نے 16 دسمبر کو بھارت سے ڈھاکا واپسی کے لیے بنگلہ دیشی حکومت سے قومی فضائی کمپنی کا طیارہ بھیجنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
’حسینہ واجد یوم فتح پر واپس آنا چاہتی ہیں‘
شیخ حسینہ کے ترجمان سید مزمل علی نے نے ایک بیان میں کہا کہ سابق وزیراعظم 16 دسمبر کو بنگلہ دیش کے ’یومِ فتح‘ کے موقع پر وطن واپس آنا چاہتی ہیں۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ انہوں نے اپنی واپسی کے لیے کوئی حتمی تاریخ دی ہے۔
ترجمان کے مطابق شیخ حسینہ نے رواں ماہ نئے پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات کے حصول کے لیے بھی کوششیں کی ہیں۔ ان کا پاسپورٹ بھارت فرار ہونے کے چند ماہ بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ شیخ حسینہ کو 5 اگست 2024 کو بنگلہ دیشی طیارے کے ذریعے بھارت منتقل کیا گیا تھا اور اب وہ حکومت سے مطالبہ کرتی ہیں کہ انہیں اسی طرح نئی دہلی سے ڈھاکا واپس لانے کے لیے قومی فضائی کمپنی بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کا طیارہ فراہم کیا جائے۔
ان کے بقول آئین کے خلاف حالات میں انہیں ملک سے جلاوطن کیا گیا تھا لہٰذا اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ 16 دسمبر کو یومِ فتح کے موقع پر ان کی بنگلہ دیش واپسی ممکن بنائے۔
16 دسمبر کی تاریخ کیوں اہم ہے؟
16 دسمبر بنگلہ دیش میں ’یومِ فتح‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ 1971 میں اسی روز بنگلہ دیش نے نو ماہ کی جنگِ آزادی کے بعد پاکستان سے علیحدگی اختیار کرکے آزادی حاصل کی تھی۔ اس دن کو بنگلہ دیش میں قومی دن کی حیثیت حاصل ہے اور ہر سال خصوصی تقریبات کے ذریعے آزادی کی جدوجہد میں جانیں قربان کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔
’حسینہ واجد ہتھکڑیوں میں ہی واپس آ سکتی ہیں‘
دوسری جانب بنگلہ دیش کی حکومت نے شیخ حسینہ کی واپسی اور طیارہ فراہمی کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ حسینہ کو صرف بھارت سے حوالگی کے ذریعے واپس لایا جاسکتا ہے۔
بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ حسینہ کو سزا یافتہ مجرم اور مفرور دہشت گرد قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف حوالگی کے معاہدے کے تحت ہتھکڑیوں میں اور سخت نگرانی میں وطن واپس آسکتی ہیں۔
شیخ حسینہ کو واپس لانے کے لیے طیارہ فراہم کرنے کے مطالبے پر ہمایوں کبیر نے کہا کہ بنگلہ دیش ایسے کسی غیر حقیقی مطالبے پر غور نہیں کرے گا۔
گزشتہ روز بنگلہ دیش کی وزیر مملکت برائے خارجہ شمع عبید اسلام نے بھی واضح کیا تھا کہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ اگر بھارت سے بنگلہ دیش واپس آئیں تو انہیں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیشن بھارت سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کر رہا ہے اور امید ہے کہ بھارت دونوں ملکوں کے درمیان موجود حوالگی کے معاہدے پر عمل کرے گا۔
رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بھارت کی وزارت خارجہ نے اس معاملے پر تبصرے کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔ تاہم اپریل میں بھارتی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ وہ بنگلہ دیش کی جانب سے شیخ حسینہ کی حوالگی کی درخواست کا جائزہ لے رہی ہے اور نئی حکومت کے ساتھ تعمیری روابط اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتی ہے۔
بنگلہ دیش کے انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل کے چیف پراسیکیوٹر امین الاسلام نے بھی شیخ حسینہ کے مطالبے کو غیر معقول قرار دیا۔ گزشتہ برس اسی عدالت نے انہیں سزائے موت سنائی تھی۔
امین السلام کا کہنا تھا کہ ایک سزا یافتہ مفرور شخص کی جانب سے حکومت سے اپنی واپسی کے انتظامات کی توقع رکھنا مناسب نہیں۔
پرتشدد واقعات میں اضافہ
شیخ حسینہ کی واپسی کے معاملے پر ملک میں سیاسی کشیدگی اور پُرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ شیخ حسینہ کی واپسی کے مطالبے پر عوامی لیگ کے حامیوں نے رواں ماہ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا ایک ہفتہ منانے کا اعلان کیا تھا جس کا اختتام 19 نومبر کو ملک گیر لاک ڈاؤن پر ہوا۔
مقامی میڈیا کے مطابق اس دوران گزشتہ 10 روز میں بنگلہ دیش کے کم از کم 28 اضلاع میں دیسی ساختہ بموں کے درجنوں دھماکے اور گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے واقعات پیش آئے جن میں متعدد پولیس اہلکار اور شہری زخمی ہوئے۔
حکومت نے ان واقعات کا ذمہ دار عوامی لیگ کو ٹھہرایا جبکہ جماعت کے ایک سینئر رہنما خالد محمود چوہدری نے موجودہ سیاسی انتظامیہ کو تشدد کا ذمہ دار قرار دیا۔
یاد رہے کہ شیخ حسینہ اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی ملک گیر تحریک کے بعد بنگلہ دیش چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں۔ یہ تحریک ان سے استعفے کے مطالبے کے لیے شروع ہوئی تھی اور بالآخر ان کی 15 سالہ حکومت کے خاتمے کا سبب بنی۔
اقوام متحدہ کے مطابق بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کا سبب بننے والی بدامنی کے دوران تقریباً 1400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ شیخ حسینہ جلاوطنی کے دوران ان الزامات کی تردید کر چکی ہیں۔
رائٹرز کے مطابق ان کی جماعت عوامی لیگ پر 2024 کی تحریک کے بعد پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ بنگلہ دیش کی عدالت نے گزشتہ برس نومبر میں انہیں طلبہ تحریک کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دینے پر ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔


