انگلینڈ کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز جوروٹ نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کا بڑا سنگ میل عبور کرلیا۔
ایجبسٹن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان جوروٹ نے 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی 69ویں نصف سنچری تھی۔
69ویں نصف سنچری کے ساتھ ہی جوروٹ نے بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے۔
جو روٹ نے یہ اعزاز 309 اننگز میں حاصل کیا، جبکہ سچن ٹنڈولکر نے 329 اننگز میں 68 نصف سنچریاں بنائی تھیں۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے شیونارائن چندرپال 66 نصف سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ ایلن بارڈر اور راہول ڈریوڈ 63، 63 نصف سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر چوتھے جبکہ رکی پونٹنگ 62 نصف سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بدستور سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، جنہوں نے 51 سنچریاں بنائیں۔ جیک کیلس 45 سنچریوں کے ساتھ دوسرے جبکہ جوروٹ اور رکی پونٹنگ 41، 41 سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔
جوروٹ اب ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے سچن ٹنڈولکر کے ریکارڈ کے بھی قریب پہنچ رہے ہیں۔ ٹنڈولکر 15 ہزار 921 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں، جبکہ جوروٹ 14 ہزار 278 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
رکی پونٹنگ 13 ہزار 378 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ موجودہ کھلاڑیوں میں جو روٹ کے بعد آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 10 ہزار 920 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔


