پاکستانی ٹیم کی ٹیسٹ رینکنگ مزید ایک درجہ گر گئی، انگلینڈ کے ہاتھوں ہوم سیریز میں شکست کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر پاکستانی ٹیم آخری نمبر پر آ گئی۔
ورلڈ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا کا پہلا نمبر ہے ، آسٹریلیا کرکٹ ٹیم نے پچھلے 10 میچوں میں 8 فتوحات حاصل کی ہیں۔
ٹیسٹ ٹیم رینکنگ کی فہرست میں جنوبی افریقا کا دوسرا، نیوزی لینڈ کا تیسرا ، بھارت کا چوتھا اور انگلینڈ کا پانچویں نمبر ہے۔
اس کے علاوہ بنگلہ دیش کی ٹیم چھٹے اور سری لنکا کی 7 ویں نمبر پر ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ایک درجے ترقی کے بعد 8 ویں نمبر پر آ گئی ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میں 8 وکٹوں سے شکست دی تھی، آخری ٹیسٹ میں 130 رنز کا ہدف انگلینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا تھا۔
انگلینڈ نے پاکستان کو پہلی بار ہوم سیریز میں وائٹ واش کیا ہے۔ سیریز میں پاکستان کی بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی، سیریز ہارنے کے باعث ٹیم کی عالمی پوزیشن بھی متاثر ہوئی۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کی پوزیشن پہلے ہی خراب تھی۔ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کا پوائنٹس پرسنٹیج 19.05 فیصد رہ گیا تھا اور ٹیم آخری نمبر پر چلی گئی تھی۔
پاکستان کی حالیہ ٹیسٹ کارکردگی مسلسل تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے، گرین کیپس کو اہم میچز میں کامیابی حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کا براہِ راست اثر ٹیم کی پوزیشن پر پڑ رہا ہے۔ پاکستان اس سے قبل بنگلہ دیش کیخلاف بھی 0-2 سے ٹیسٹ سیریز ہار چکا ہے۔
مسلسل شکستوں کے بعد پاکستان کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے لیے آئندہ میچز میں فتوحات حاصل کرنا ہوں گی، بصورت دیگر گرین کیپس کی رینکنگ مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔



