وفاقی آئینی عدالت نے نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) اور سندھ ہائیکورٹ کے احکامات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کے ذریعے کام کرنے والا ملازم مستقل ہونے کا حقدار نہیں ہے۔
جسٹس عامر فاروق نے 18 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا۔ جسٹس روزی خان نے جسٹس عامر فاروق کے فیصلے سے اتفاق جبکہ جسٹس ارشد حسین نے اختلاف کیا۔
آئینی عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا کہ طویل ملازمت یا 9 ماہ سے زائد کا عرصہ ریگولرائزیشن کا ازخود حق نہیں دیتا، تھرڈ پارٹی معاہدے کے تحت کام کرنے والے ملازم کو مستقل ورک مین تسلیم کرنا معاہدے کی نفی کے مترادف ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملازم کی تنخواہ اور برطرفی کنٹریکٹر سے متعلق تھی، موجودہ کیس میں اسٹیٹ بینک براہ راست تنخواہ نہیں دیتا تھا اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ریگولرائزیشن کا حکم دینا درست نہیں تھا، قانون یا پالیسی کے بغیر ریگولرائزیشن کا کوئی حق نہیں، عدالت کو ملازم کو ریگولرائز کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔
جسٹس ارشد حسین شاہ نے اختلافی نوٹ میں لکھا کہ صرف کنٹریکٹر کے ذریعے بھرتی یا آؤٹ سورسنگ کا لیبل کسی ملازم کے قانونی حقوق ختم نہیں کر سکتا، اصل صورتحال اور شواہد کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
جسٹس ارشد حسین نے لکھا کہ آرٹیکل 3، 4 اور 25 کے مطابق قانونی تحفظات کو معاہدوں کے ذریعے بے اثر نہیں کیا جا سکتا، اس لیے این آئی آر سی اور ہائیکورٹ کے فیصلے درست جبکہ مداخلت کا جواز نہیں۔
خیال رہے اسٹیٹ بینک آف پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن نے 19 دسمبر 2014 کو پرائم ہیومن ریسورس سروسز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کیساتھ معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت کمپنی نے مختلف عہدوں کیلیے کنٹریکٹ کی بنیاد پر عملہ فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔
معاہدے کے تحت کمپنی نے ایک ڈسپنسر بھی فراہم کیا، جس نے اسٹیٹ بینک بی ایس سی کے احاطے میں اپنے فرائض انجام دیے۔ وہ 2015 سے 2017 تک وہاں کام کرتا رہا، 13 نومبر 2017 کو کنٹریکٹر کمپنی نے اسے ملازمت سے فارغ کرنے کا لیٹر جاری کیا۔ ملازم نے برطرفی کو چیلنج کرتے ہوئے نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) سے رجوع کیا اور ملازمت پر بحالی کے ساتھ مستقل کرنے کی استدعا کی۔
این آئی آر سی نے 10 مئی 2022 کو ملازم کی درخواست منظور کرتے ہوئے برطرفی کا حکم کالعدم قرار دیا اور اسٹیٹ بینک کو اسے مستقل ملازم کے طور پر ریگولرائز کرنے کی ہدایت کی۔ اس فیصلے کے خلاف اسٹیٹ بینک بی ایس سی اور کنٹریکٹر کمپنی نے اپیلیں دائر کیں، بعدازاں معاملہ سندھ ہائیکورٹ پہنچا۔



