وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کی جانب سے حالیہ سیاسی بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے کابینہ اراکین کو ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم کی یہ ہدایت وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کے درمیان نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر حالیہ دنوں میں ہونے والی لفظی جنگ کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔
شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاسی بیان بازی سے حکومت کی تعمیر و ترقی کی کوششوں سے توجہ ہٹتی ہے۔ وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیر و ترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے، وزرا کو اپنی توجہ عوامی خدمت اور ملکی ترقی پر ہی مرکوز رکھنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا کی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے، کابینہ کے اندر معاملات افہام و تفہیم، اتفاق رائے اور باہمی مشاورت سے آگے بڑھائے جائیں۔ بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے۔
شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی ایسی بیان بازی سے گریز کرنے اور مثبت بات چیت کو فروغ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کا فرض ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام کیلیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہے اور پاکستان کو بین الاقوامی سطح اور سفارتی محاذ پر بھی اللہ تعالیٰ نے متعدد کامیابیوں سے نوازا ہے۔
خیال رہے وزیر داخلہ محسن نقوی نے 30 جولائی کو ملک میں نئے انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ موجودہ نظامِ حکمرانی عوام کو مؤثر انداز میں سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہے، اس لیے اس میں تبدیلی ناگزیر ہے۔
بعد ازاں وزیر دفاع خواجہ آصف نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے ملک میں 12 صوبے بنانے کا خیال پیش کیا کہ چھوٹی انتظامی اکائیوں کے قیام سے حکومتی امور چلانے میں آسانی ہو گی اور عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں گی۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں کے قیام اور اس حوالے سے ریفرنڈم کی تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ سندھ کو تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، حتیٰ کہ اس سے خونریزی کا خدشہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے محسن نقوی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو اعتماد میں لیے بغیر نئے صوبوں کا معاملہ اٹھا کر اسے غیر ضروری طور پر متنازع بنا دیا۔ محسن نقوی کو یہ تجویز پیش کرنے سے پہلے بلاول بھٹو اور صدر زرداری سے مشاورت کرنی چاہیے تھی۔
دو دن قبل وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے رانا ثناء اللہ کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ آج کل ایک وزیر ٹی وی پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہے ہیں، جس دن انہوں نے تبصرہ کر دیا تو وہ وزیر منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
محسن نقوی بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ کہا کہ محسن نقوی بڑے شوق سے میرے متعلق تبصرہ کریں لیکن انہیں سمجھ نہیں آئی کہ وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ ان کی ذات پر میں تبصرہ کر رہا ہوں۔ کیا وہ قائدِ اعظم ہیں جو میں ان کی ذات اور افکار پر تبصرہ کر رہا ہوں اور وہ ختم نہیں ہو رہے۔



