پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیرِ اعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثنا اللہ نے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”کیا وہ قائدِ اعظم ہیں۔“
نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ محسن نقوی بڑے شوق سے میرے متعلق تبصرہ کریں لیکن انہیں سمجھ نہیں آئی کہ وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ ان کی ذات پر میں تبصرہ کر رہا ہوں۔ کیا وہ قائدِ اعظم ہیں جو میں ان کی ذات اور افکار پر تبصرہ کر رہا ہوں اور وہ ختم نہیں ہو رہے۔
واضح رہے کہ اتوار کو لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ آج کل ایک وزیر ٹی وی پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہے ہیں، جس دن انہوں نے تبصرہ کردیا تو وہ وزیر منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ محسن نقوی نے کہا تھا کہ ڈھائی سال سے وہ اس وزیر کے تبصرے صبر سے سن رہے ہیں۔
محسن نقوی نے اپنی گفتگو کے دوران ان وزیر کا نام نہیں لیا تھا۔
تاہم پیر کو رانا ثنا اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی محسن نقوی کی ذات کے حوالے سے بات نہیں کی نہ کروں گا۔ وہ جو ہیں ان کے خیال میں بس وہی ہیں اور اس پر کوئی تبصرے کی ضرورت ہی نہیں۔ ان کی جو ورکننگ ہے اس پر بطور سیاسی کارکن میرا حق ہے کہ اس پر اپنی رائے کا اظہار کرسکوں۔
رانا ثنا اللہ کے بقول انہوں نے اس پر اعتراض کیا کہ صوبوں کا معاملے کے لیے غلط فورم کا انتخاب کیا گیا۔ اس کے بعد جو انہوں نے تقریر کی اس پر میری رائے مختلف تھی۔ انہوں نے وزیرِ اعظم کے بارے میں بالکل غیر ضروری بات کی۔
اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اس کے بعد محسن نقوی نے فیلڈ مارشل سے متعلق اشارۃً منسوب کرنا کہ وہ ریڈلائن ہیں وہ کراس نہیں کرنا چاہتے۔ ان چیزوں پر میں نے اعتراض کیا کیوں کہ ان کا مؤقف تھا کہ اس معاملے کو ایک نہ ایک دن پارلیمنٹ میں ہی آنا ہے۔ اس معاملے پر اتفاقِ رائے ہونا ہے کیوں کہ اس کے بغیر معاملہ آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔
مشیر وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ یہ معاملہ آج اس صورتِ حال میں ہے کہ انتہائی متنازع بن چکا ہے۔ لیکن ہماری کوشش ہے کہ اس پر اتفاقِ رائے پیدا کیا جائے۔
یاد رہے کہ محسن نقوی نے 30 جولائی کو اسلام آباد میں منعقدہ اکنامک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملکی نظام ڈھ گیا ہے جسے بچانے کے لیے ’نئی انتظامی یونٹس کہیں یا صوبے‘ بنانے کی ضرورت ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد نئے صوبوں کی بحث چھڑی جو ملکی سیاسی منظرنامے پر دن بدن زور پکڑتی جا رہی ہے۔



