بھارتی کپتان شبمن گل نے گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے مطالبہ کیا تھا کہ کرکٹ بال کو چمکانے کے لیے تھوک استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔
یہ پابندی 2020 میں کرونا وائرس سے بچنے کے لیے عارضی طور پر عائد کی گئی تھی تاہم 2 سال بعد اسے مستقل بنیادوں پر عائد کردیا گیا۔
روایتی طور پر بولرز پرانی گیند کے ایک حصے کو تھوک سے چمکاتے ہیں جبکہ دوسرے حصے کو کھردرا رہنے دیتے ہیں جس سے فاسٹ بولرز کو گیند دیر سے سوئنگ کرانے میں مدد ملتی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شبمن گل نے پیر کو نیوزی لینڈ کے خلاف ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کے ڈرا ہونے کے بعد کہا تھا کہ گیند پر تھوک لگانے کی اجازت بحال ہونی چاہیے تاکہ فاسٹ بولرز کو ریورس سوئنگ حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔
Shubman Gill wants the saliva ban lifted, saying it puts bowlers at a disadvantage as they can no longer shine the ball the traditional way. https://t.co/suy2tR8bOE
— Abhishek Tyagi (@tyagiab09) November 24, 2026
بھارتی کپتان کے مطابق انہیں سمجھ نہیں آتا کہ اب تک گیند پر تھوک لگانے کی اجازت کیوں نہیں دی گئی کیونکہ کرونا وبا کو ختم ہوئے کافی عرصہ گزر چکا ہے۔ ان کے بقول یہ پابندی بولرز کی وکٹیں لینے میں مشکلات کی ایک بڑی وجہ بھی ہوسکتی ہے۔
تاہم اے ایف پی کے مطابق آئی سی سی نے بھارتی کپتان شبمن گل کے مطالبے کے باوجود کرکٹ میں گیند چمکانے کے لیے تھوک کے استعمال پر عائد پابندی ختم کرنے کا کوئی فوری منصوبہ نہ ہونے کا عندیہ دیا ہے۔
اے ایف پی نے رپورٹ کیا ہے کہ آئی سی سی فی الحال اس پابندی میں نرمی کا ارادہ نہیں رکھتی کیونکہ کونسل تھوک کے استعمال کو گیند کی حالت ’غیر منصفانہ طریقے سے‘ تبدیل کرنے کے دیگر طریقوں کے برابر سمجھتی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق تھوک میں میٹھا، چیونگم اور منٹ شامل ہونے کی صورت میں گیند کی حالت نمایاں طور پر تبدیل ہوسکتی ہے جبکہ اس عمل کی نگرانی اور ضابطہ بندی کرنا بھی انتہائی مشکل ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) نے گزشتہ برس گیند پر تھوک لگانے کی پابندی ختم کردی تھی جس کا بولرز نے خیرمقدم کیا تاہم بین الاقوامی کرکٹ کے لیے آئی سی سی نے تاحال یہ پابندی برقرار رکھی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے پہلے ٹیسٹ میں اپنی پہلی اننگز 720 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے 120 اوورز کھیل کر پانچ وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے اور میچ ڈرا ہوگیا۔
دونوں ٹیمیں اب دوسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ کے لیے کرائسٹ چرچ روانہ ہوں گی، جہاں میچ جمعے سے شروع ہوگا۔ دونوں کپتانوں کو توقع ہے کہ وہاں کی وکٹ روایتی طور پر گھاس سے ڈھکی اور فاسٹ بولرز کے لیے زیادہ سازگار ہوگی۔
