لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز نے بدھ کے روز لندن میں برطانوی بادشاہ چارلس سوم سے بکنگھم پیلس میں ملاقات کی، اس ملاقات میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران بادشاہ چارلس سوم نے پاکستانی کھلاڑیوں سے کرکٹ اور پاکستان کی صورتحال کے بارے میں گفتگو کی، پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کے مطابق برطانوی بادشاہ نے پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور پاکستان کی امن کے لیے کوششوں کو سراہا۔
محسن نقوی نے ملاقات کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ بادشاہ چارلس سوم نے کرکٹ کے ساتھ ساتھ پاکستان میں امن و سلامتی اور خطے میں امن کے لیے ہونے والی کوششوں پر بھی بات چیت کی۔
ملاقات کے دوران برطانوی ہائی کمشنر نے بھی بادشاہ کو بتایا کہ پاکستان اور محسن نقوی نے خطے میں امن کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔محسن نقوی ملاقات کے بعد برطانیہ سے پاکستان واپس روانہ ہوگئے۔
انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کو مشکل دورے کا سامنا
قومی کرکٹ ٹیم اس وقت انگلینڈ میں موجود ہے جہاں اسے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ پاکستان نے انگلینڈ روانگی سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر کی تھی تاہم انگلینڈ کے خلاف پہلے ہی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کو اننگز اور 103 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ شکست سابق کپتان بابر اعظم کی عدم موجودگی میں سامنے آئی جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں بھی پاکستان ٹیم لارڈز کے تاریخی میدان پر اپنی روایت برقرار نہ رکھ سکی۔
🏏 This afternoon, The King welcomed the Pakistan National Cricket Team to Clarence House. pic.twitter.com/ihy70scAhX
— The Royal Family (@RoyalFamily) September 2, 2026
لارڈز میں پاکستان نے 2010 کے بعد کوئی ٹیسٹ نہیں ہارا تھا اور یہاں مسلسل دو فتوحات بھی حاصل کرچکا تھا تاہم دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے قومی ٹیم کو 194 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
مسلسل شکستوں کے بعد پی سی بی کا بڑا فیصلہ
انگلینڈ کے خلاف مسلسل دو بھاری شکستوں کے بعد قومی ٹیم کی کارکردگی پر سابق کرکٹرز اور کرکٹ ماہرین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔ اس کے بعد پی سی بی نے ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرتے ہوئے سات کھلاڑیوں کو ریلیز کردیا۔
پی سی بی نے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور باؤلنگ کوچ عمر گل کو بھی تیسرے ٹیسٹ سے قبل ٹیم سے الگ کردیا ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ برمنگھم میں آئندہ بدھ سے شروع ہونا ہے، جہاں قومی ٹیم سیریز میں وائٹ واش سے بچنے کے لیے میدان میں اترے گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ انگلینڈ کے دوران شاہی خاندان سے ملاقات کو سفارتی اور کھیلوں کے تعلقات کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جارہا ہے، جبکہ قومی ٹیم کو میدان میں مسلسل دو شکستوں کے بعد تیسرے ٹیسٹ میں نہ صرف سیریز کا آخری میچ جیتنے بلکہ حالیہ بحران سے نکلنے کا بھی چیلنج درپیش ہے۔



