سابق قومی اسپنر سعید اجمل نے پاکستان کرکٹ ٹیم میں حالیہ انتظامی اور سلیکشن تبدیلیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید کو بھی عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں سعید اجمل نے کہا کہ سیریز کے دوران ٹیم، کوچنگ اسٹاف اور سلیکشن کمیٹی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں سمجھ سے بالاتر ہیں، ان کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان کا مذاق اڑا رہی ہے کہ میچ ختم ہوتے ہی کھلاڑیوں کو واپس بھیج دیا جاتا ہے، یہ ایک غیر سنجیدہ طریقہ کار ہے۔
سعید اجمل کے مطابق اس نوعیت کے فیصلے سیریز یا ٹور مکمل ہونے کے بعد کیے جانے چاہئیں، دورانِ سیریز اتنی بڑی تبدیلیاں ٹیم کی کارکردگی کو متاثر کرسکتی ہیں۔
سابق اسپنر نے کہا کہ اگر امام الحق سے کوئی غلطی ثابت ہوئی ہے تو انہیں سخت سزا دی جانی چاہیے تاکہ دوسرے کھلاڑیوں کے لیے مثال قائم ہو۔
عاقب جاوید کے حوالے سے سعید اجمل نے کہا کہ انہیں بھی عہدے سے ہٹایا جانا چاہیے۔ انہوں نے پی سی بی کے فیصلوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد کو کوچنگ سے ہٹا دیا گیا لیکن مائیک ہیسن کو مکمل حمایت دی جا رہی ہے۔ سعید اجمل نے سوال کیا کہ مائیک ہیسن نے وائٹ بال کرکٹ میں کون سے نتائج دیے ہیں؟
🚨 Saeed Jamal’s Strong Statement:
“You changed the team and removed the coaches, but why haven’t you removed people like Aaqib Javed, who have ruined Pakistan cricket?” pic.twitter.com/gnc5bprvL0
— Talha Nawaz (@TalhaDigital007) September 1, 2026
سعید اجمل نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کرکٹ میں فیصلے میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر ہونے چاہئیں اور بار بار کی انتظامی تبدیلیوں کے بجائے ایک واضح اور مستقل پالیسی اختیار کی جائے۔
پس منظر
انگلینڈ کے خلاف پہلے دونوں ٹیسٹ میچوں میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کردی ہیں۔ لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد 7 کھلاڑیوں کو اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا، جبکہ تیسرے ٹیسٹ کے لیے نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق اسکواڈ سے ریلیز کیے جانے والے کھلاڑیوں میں محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، عامر جمال، علی عثمان، محمد اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
تیسرے ٹیسٹ کے لیے صائم ایوب، عبداللہ فضل، عرفات منہاس، محمد عمران جونیئر، سعد بیگ، محمد عمران اور رضا اللہ کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ان میں پانچ کھلاڑی پہلی مرتبہ ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنیں گے۔
کوچنگ اسٹاف میں بھی تبدیلیاں کی گئیں، سابق کپتان سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو ریلیز کردیا گیا جبکہ مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے کو تیسرے ٹیسٹ کے لیے کوچنگ اسٹاف میں شامل کرلیا گیا ہے۔
ٹیم میں تبدیلیوں پر سعید اجمل نے شدید تنقید کی ہے اور عاقب جاوید کو بھی عہدے سے فارغ کرنے کا مطالبہ کیا ہے، دوسری جانب عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ پہلے دو ٹیسٹ میں پاکستان مقابلہ کرتا ہوا نظر نہیں آیا، اس لیے تبدیلیاں ناگزیر ہوگئیں، عاقب جاوید نے نئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔



