انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز چیمپئنز ٹرافی 2027 کی میزبانی بھارت کو سونپنے کا اعلان کردیا۔
ٹورنامنٹ پہلے سری لنکا میں شیڈول تھا، تاہم اب ایونٹ بھارت کے دو شہروں ممبئی اور وڈودرا میں کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی کے مطابق ویمنز چیمپئنز ٹرافی 14 سے 28 فروری 2027 تک جاری رہے گی، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 28 فروری کو کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں 6 ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا شامل ہیں، بھارت کو میزبانی ملنے کے بعد میزبان ٹیم سمیت دنیا کی ٹاپ ویمنز کرکٹ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے میدان میں اتریں گی۔
ٹورنامنٹ میں محدود ٹیموں کی شرکت کے باعث ہر میچ اہمیت کا حامل ہوگا اور شائقین کو اعلیٰ معیار کی ویمنز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
آئی سی سی نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ کے مکمل شیڈول اور ٹکٹوں کی فروخت سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی، شائقین کو میچز کے مقامات، اوقات اور ٹکٹوں کے حصول کے حوالے سے مزید معلومات کا انتظار کرنا ہوگا۔
ویمنز چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی بھارت کو منتقل کیے جانے کے فیصلے سے کرکٹ حلقوں میں بھی دلچسپی بڑھ گئی ہے۔
سری لنکا میں شیڈول ایونٹ کی میزبانی تبدیل ہونے کے بعد اب تمام نظریں بھارت میں ہونے والے اس مختصر مگر اہم ٹورنامنٹ پر مرکوز ہیں۔


