مشہور پاکستانی پاپ گلوکار محسن رضا خان المعروف ’بنی‘ 74 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں۔ وہ اپنی منفرد گائیکی کی بدولت پاکستانی پاپ موسیقی کا ایک نمائندہ نام تھے، جنہوں نے پاپ موسیقی کو پاکستانی طرزِ موسیقی سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
محسن رضا کے قریبی ساتھیوں نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
محسن رضا خان 1956ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، ان کے والد نے ‘Bugs Bunny’ کارٹون سے متاثر ہو کر ان کو ”بنی“ کی عرفیت دی جو ان کے نام سے زیادہ مشہور ہوئی۔
محسن رضا گورنمنٹ کالج لاہور میں تعلیم کے دوران شوقیہ طور پر موسیقی کی دنیا میں آئے اور لاہور کے مختلف بینڈز میں بطور گٹارسٹ اور گلوکار فن کا مظاہرہ کرتے رہے۔ گریجویشن اور ماسٹرز کے بعد بھی انہوں نے اپنے اس سفر کو جاری رکھا اور ملک بھر میں کنسرٹ کرنے لگے۔ یہاں تک کہ بیرون ملک جرمنی، اٹلی اور انگلستان میں بھی موسیقی سے وابستہ رہے۔
سن 1988ء میں وطن واپسی پر انہوں نے ایک دھن پر کام شروع کیا جسے ترتیب دینے کے بعد ماسٹر منظور اختر سے اس دھن پر بول لکھوائے تو وہ ”دل میں تم ہونٹوں پہ تم آنکھوں میں جانِ جاں“ جیسے گانے کی شکل میں سامنے آیا۔۔۔! اس کی ریکارڈنگ کراچی کے شاداب ساؤنڈز میں ہوئی جسے موسیقار ارشد محمود نے مزید نکھار کر ای ایم آئی پاکستان سے جاری کروایا۔
سن 1989ء میں ”دل میں تم“ جیسے ہی جاری ہوا اس نے ’بنی‘ کو ملک گیر شہرت سے نوازا۔ اس کے بعد اُن کا ایک اور گانا ” ہوجاؤں گا دیوانہ” بھی اسی پروگرام میں ٹاپ چارٹ میں شامل رہا جو ان کے دوسرے البم کا ٹائٹل نغمہ بھی تھا، جس کی ویڈیو نے بھی ناظرین کو متاثر کیا۔
’بنی‘ نے ای ایم آئی پاکستان اور ساؤنڈ ماسٹر کے پلیٹ فارم سے جہاں اپنے چار البمز جاری کیے وہاں ارضِ پاک کے لیے ان کے ملی نغمات بھی قابلِ ذکر ہیں۔ جن میں 1998ء میں جوہری قوت بننے کے بعد نہایت پرجوش ملی نغمہ ”ایک قوم زندہ قوم پاکستانی قوم“ پاکستان ٹیلی ویژن سے روزانہ خبرنامے کے بعد نشر ہوتا تھا جس میں پہلی بار کسی ملی نغمے میں ضمناً ”چاغی“ کا لفظ بھی شامل تھا۔
اس سے قبل پاک فضائیہ کے لیے میجر(ر) ضمیر جعفری کا تحریر کردہ نغمہ ”اے پاک زمیں ہم شاہین و شہباز ترے، رنگ ترے آہنگ ترے، آواز تری انداز ترے“ بھی مقبول ہوچکا تھا جو رسالپور سے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کا نمائندہ نغمہ بھی بن چکا تھا۔
سن 1996ء میں بنی نے اٹلانٹا اولمپکس کے مقابلوں کے لیے دو خصوصی ملی نغمے برائے کھیل بھی ریکارڈ کروائے جن میں سے ”ہم بھی جیتیں ہیں اور کامیاب ہیں“ عوامی سطح پر مقبول ہوا۔
اس کے علاوہ ان کے تیسرے البم کا عنوانی نغمہ ”رستہ نیا“ بھی بنیادی طور پر ملی نغمہ ہی ہے جس میں وہ نوجوانوں کو حوصلہ مندی کا پیغام دیتے ہیں۔ ایک پرجوش نغمے کو انہوں نے نہایت دھیمے انداز میں اس طرح گایا کہ سننے والا نہ صرف سنتا ہے بلکہ سنتے ہی اس کے اندر ایک نیا عزم بھی بیدار ہوجاتا ہے۔
سن 1996ء میں ہی انہوں نے کراچی کے علاقے طارق روڈ میں اپنا میوزک اسٹوڈیو بھی قائم کیا جہاں نئے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے وہ خود بھی موجود ہوتے۔ اسی اسٹوڈیو کی توسط سے 1997ء میں پاک فضائیہ کی جانب سے پہلا البم ”شاہین“ بھی ریکارڈ ہوا۔
بنی کافی عرصے علیل رہے جس کی وجہ سے موسیقی سے دوری بھی رہی تاہم بطور موسیقار کسی نہ کسی طرح اپنا شوق بھی پورا کرتے رہے۔ کچھ عرصے قبل ہی وہ دوبارہ نظر آئے تو عوام کو ایک بار پھر ان کی یاد آئی۔ انہوں نے مختلف ٹینسی چینلز پر انٹرویوز بھی دے کر پرانی یادیں تازہ کیں۔ کچھ روز قبل ای ایم آئی پاکستان نے ان کے گانوں کے حقوق انہیں سپرد کردیے تھے۔
