وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نقوی صاحب، نظام میں مسلسل بہتری آتی رہنی چاہیے، پی سی بی میں انقلاب لائیں، شائقین اس کی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔
ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی سی بی میں مکمل اختیار آپ کے پاس ہے، نہ وزیراعظم ہے نہ پارلیمنٹ ہے اور نہ ہی کوئی فرسودہ سیاسی نظام رکاوٹ ہے۔
نقوی صاحب سسٹم ھر وقت evolve ھو رہے ھوتے ھیں اور ھونے چاہییں ۔ نمونے کے طور پہ PCB میں کوئی انقلاب لائیں کرکٹ کے شائقین PCB کی پرفارمنس سے کوئ اتنے مطمئن نہیں۔ PCB میں تو اقتدار کل آپ کے پاس ھے نہ وزیر اعظم ھے نہ پارلیمنٹ ھے نہ کوئ فرسودہ سیاسی نظام رکاوٹ ھے۔
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) August 2, 2026
علاوہ ازیں خواجہ آصف نے سیالکوٹ کی یونین کونسل فتح گڑھ کے الیکشن کیمپوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کیمپوں سے ملنے والےاعداد و شمار حوصلہ افزا ہیں، ووٹرز بڑی تعداد میں کیمپوں کا رخ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے ڈیڑھ گھنٹے میں پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹرز کا رش مزید بڑھے گا، پولنگ کا عمل مکمل پرامن ماحول میں جاری ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ کشمیر انتخابات کے نتائج سے عوامی رائے واضح ہو جائے گی، یہ الیکشن آزاد کشمیر کی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہو گا، تمام فریقین کو عوامی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔
پاکستان آٹو موڈ پر نہیں چل سکتا ، ترقی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہو گا ، خواجہ آصف
گزشتہ روز خواجہ آصف نے کہا تھا کہ نقوی صاحب اس نظام کے انتہائی طاقتور عہدوں پر ساڑھے تین سال سے فائز ہیں، چاہتے تو نظام کی تبدیلی کی بات یا پیشرفت اس عرصے میں کر سکتے تھے، چلیں دیر آید درست آید۔
اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ محسن نقوی نے سسٹم کی کسمپرسی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، ذاتی طور پر ان خیالات سے کم و بیش اتفاق کرتا ہوں، نقوی صاحب تو ماشاء اللہ خود ایک پاور ہاؤس ہیں، سسٹم مضبوط کرنا اور بنیادی تبدیلی لانی ہے تو اس کا فورم پارلیمنٹ ہے جس کے وہ رکن ہیں۔
