مظفر آباد: آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 28 مظفرآباد 2 لچھراٹ میں خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ملتوی کر دی گئی۔
الیکشن کمیشن ترجمان کے مطابق انتخابی عملہ اور سامان متاثرہ علاقوں تک نہ پہنچنے کے باعث پولنگ مقررہ شیڈول کے مطابق ممکن نہ ہو سکی۔
ریٹرننگ آفیسر کی رپورٹ کی بنیاد پر حلقہ ایل اے 28 کے 52 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق نوسیری، نوسدہ، پنجگراں، دیولیاں اور پنجکوٹ کے مخصوص پولنگ اسٹیشنز پر آج پولنگ نہیں ہو گی۔ متاثرہ پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ 4 اگست 2026 کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہو گی۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ علاقوں کے سیل شدہ پولنگ بیگز ریٹرننگ آفیسر نے پریزائیڈنگ افسران سے واپس وصول کر لیے ہیں، جبکہ پولنگ کے نئے شیڈول کے مطابق تمام انتظامات مکمل کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایل اے 27 پر بھی پولنگ ملتوی کی جا چکی ہے۔ اور چیف الیکشن کمشنر کے مطابق ایل اے 27 پر بھی پولنگ اب 4 اگست بروز منگل کو کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن شکایات پر نوٹس لیتا تو دوسرے مرحلے کے انتخابات کی ساکھ بحال ہو سکتی تھی ، بلاول
ایل اے 27 پر بھی پولنگ خراب موسم، لینڈ سلائیڈنگ اور راستے بند ہونے کی وجہ سے ملتوی کی گئی۔
