گھروں میں لگے شاور کے سوراخوں سے چونا ختم کرنے کا بہترین طریقہ سامنے آ گیا۔
گھروں میں شاور ہیڈ کے سوراخوں میں چونے کی تہہ جم جانا ایک عام مسئلہ ہے، جس کے باعث پانی کا بہاؤ متاثر ہوتا ہے اور شاور سے پانی غیر ہموار انداز میں نکلنے لگتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کے حل کے لیے سائٹرک ایسڈ ایک مؤثر اور آسان طریقہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق پانی میں موجود کیلشیم اور میگنیشیم جیسے معدنی اجزا وقت کے ساتھ شاور ہیڈ کے سوراخوں میں جمع ہو کر لائم اسکیل بناتے ہیں، جس سے نہ صرف پانی کا دباؤ کم ہوتا ہے بلکہ شاور ہیڈ کی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ دو سے تین کھانے کے چمچ سائٹرک ایسڈ کو نیم گرم پانی میں ملا کر شاور ہیڈ کو 30 منٹ سے ایک گھنٹے تک اس محلول میں بھگو دیا جائے، پھر پرانے ٹوتھ برش سے صاف کر کے پانی سے دھو لیا جائے۔ اگر شاور ہیڈ الگ نہ ہو سکے تو یہی محلول پلاسٹک بیگ میں ڈال کر شاور ہیڈ کے گرد باندھا جا سکتا ہے تاکہ سوراخ محلول کے رابطے میں رہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طریقے سے چونے کی تہہ آسانی سے ختم ہو جاتی ہے، پانی کا دباؤ بہتر ہوتا ہے اور شاور ہیڈ کی عمر بھی بڑھ جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سمندر نے 53 سال پرانا راز اگل دیا
انہوں نے مشورہ دیا کہ شاور ہیڈ کی کم از کم ماہ میں ایک بار صفائی کی جائے، استعمال کے بعد اسے خشک رکھا جائے اور اگر پانی میں معدنیات کی مقدار زیادہ ہو تو اینٹی لائم اسکیل فلٹر استعمال کیا جائے، تاکہ چونے کی تہہ دوبارہ نہ جمے اور شاور کی کارکردگی برقرار رہے۔
