تھرپارکر کے علاقے اسلام کوٹ کے قریب آسمانی بجلی گرنے کے افسوسناک واقعے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ افراد کھیتوں میں کام مکمل کرنے کے بعد اپنے گھروں کو واپس جا رہے تھے کہ اچانک آسمانی بجلی ان پر آ گری۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق و زخمی افراد کو فوری طور پر تعلقہ اسپتال اسلام کوٹ منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق اسپتال میں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ جاں بحق افراد کی شناخت اور دیگر قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی اور اہل خانہ پر غم کے پہاڑ ٹوٹ پڑے مقامی افراد نے بتایا کہ مون سون بارشوں کے دوران کھلے میدانوں میں کام کرنے والے کسان اور مزدور آسمانی بجلی کے خطرات سے دوچار رہتے ہیں۔
افسوسناک واقعہ میں جاں بحق افراد میں تاج محمد شاہ، ساجن میگھواڑ اور کمسن امرت میگھواڑ شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں راجیش میگھواڑ، تیرتھ میگھواڑ اور عمر اوٹھو شامل ہیں ، 2 زخمیوں کو تشویشناک حالت بتائی جا رہی ہے
این ڈی ایم اے کا 2 اگست تک سیلابی الرٹ، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ
دسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تھرپاکر میں آسمانی بجلی گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اورانہوں نے جاں بحق ہونے والے تین افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کی انتظامیہ کو زخمی ہونے والے 5 افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم اور گرج چمک کے دوران غیر ضروری طور پر کھلے میدانوں، درختوں اوربلند مقامات پر جانے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔
