سعودی عرب کی نئی قومی ایئرلائن طیرانِ ریاض (Riyadh Air) نے پاکستان کے لیے براہِ راست فضائی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان فضائی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
ہم نیوزکے مطابق ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لئے پروازوں کا باقاعدہ آغاز اگست سے کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں 14 اگست سے ریاض اوراسلام آباد کے درمیان روزانہ براہِ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔
جس سے کاروباری شخصیات، سیاحوں اور عمرہ زائرین سمیت پاکستانی مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
انتظامیہ نے مزید بتایا کہ 18 اگست سے ریاض اور لاہور کے درمیان بھی فضائی آپریشن شروع کیا جا رہا ہے، اس روٹ پر ابتدائی طور پر ہفتے میں تین پروازیں چلائی جائیں گی، جبکہ مستقبل میں مسافروں کی تعداد کے پیش نظر پروازوں میں مزید اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
طیرانِ ریاض کی پاکستان آمد کو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی، تجارتی اور عوامی روابط کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سعودی عرب کا پاکستان کے لیے بڑا مالی سہارا، 5 ارب ڈالر قرض رول اوور
نئی پروازوں سے پاکستان میں مقیم سعودی سرمایہ کاروں، کاروباری برادری اور خلیجی ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کو بھی نمایاں سہولت حاصل ہوگی، جبکہ سیاحت اور تجارت کے فروغ میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔
