اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں تیز ہو گئیں، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پیش رفت سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ اس کا باقاعدہ آغاز یکم اگست سے ہوگا اور یہ عمل 13 اکتوبر 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں اعتراضات کی سماعت کے بعد حتمی حلقہ بندیاں 17 اگست 2026 کو شائع کی جائیں گی، جس کے بعد پنجاب حکومت سے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے تعین کے لیے مشاورت کی جائے گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہو چکا ہے، تاہم صوبائی حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے آبادی کی حد 30 ہزار سے بڑھا کر 40 ہزار کر دی ہے۔ اس کے علاوہ شیڈول 9 میں مزید تبدیلی کے لیے الیکشن کمیشن سے تین ہفتے کی مہلت بھی طلب کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے ادارہ اپنی تیاری مکمل رکھے ہوئے ہے۔
کمیشن کے مطابق آئین کے آرٹیکل 140 اے اور الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219 کے تحت وہ 120 روز کے اندر بلدیاتی انتخابات کرانے کا پابند ہے۔
آزاد کشمیر انتخابات، گھروں سے نکلیں، ووٹ ہی مسائل کا حل ہے، چیف الیکشن کمشنر
الیکشن کمیشن نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اکثر بلدیاتی انتخابات کے قریب مقامی حکومتوں کے قوانین میں ترامیم کر دیتی ہیں، جبکہ کمیشن کی جانب سے بلدیاتی قوانین میں بروقت ترامیم سے متعلق دی گئی تجویز کو حکومت نے مسترد کر دیا۔ وزارت پارلیمانی امور کا مؤقف ہے کہ قانون سازی کرنا صرف پارلیمنٹ کا اختیار ہے۔
