دبئی سے اسلام آباد آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز پی کے 212 میں تاخیر کے بعد ہنگامہ آرائی کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں کو مداخلت کرنا پڑی اور متعدد مسافروں کو حراست میں لے لیا گیا۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے ترجمان عبداللہ خان نے دبئی سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 212 میں پیش آنے والے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشنل تاخیر کے بعد بعض مسافروں نے طیارے میں بد نظمی پیدا کی، جنہیں سیکیورٹی حکام نے حراست میں لے لیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق گزشتہ رات دبئی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 212 کو خطے کی صورتحال کے باعث تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ دبئی ایئرپورٹ حکام نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر تمام پروازوں کی روانگی کے درمیان 10، 10 منٹ کا وقفہ مقرر کیا تھا، جس کے باعث پی آئی اے کی پرواز روانگی کے لیے تیار ہونے کے باوجود تقریباً ساڑھے تین گھنٹے انتظار کرتی رہی۔
A Pakistan International Airlines flight from Dubai to Islamabad was delayed after passengers created a disturbance onboard. During the incident, some passengers allegedly damaged the aircraft by breaking window panes#DialoguePakistan #PIA #Dubai_Islamabad #Flight #Passengers pic.twitter.com/2oX7IhVTES
— Dialogue Pakistan (@DialoguePak) August 1, 2026
دورانِ انتظار طیارے میں موجود مسافروں کو زمین پر ہی کھانا فراہم کیا گیا، تاہم کھانے کے بعد کچھ مسافروں نے طیارے کے اندر بد نظمی شروع کر دی اور مبینہ طور پر کاک پٹ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔
ترجمان کے مطابق فلائٹ عملے نے کاک پٹ میں داخلے کی کوشش کو ناکام بنایا، تاہم ایک مشتعل مسافر نے طیارے کی کھڑکی کو نقصان پہنچایا۔ صورتحال سنگین ہونے پر دبئی سیکیورٹی حکام کو اطلاع دی گئی، جنہوں نے طیارے کا دروازہ کھلوایا اور ہنگامہ کرنے والے مسافروں کو حراست میں لے لیا۔
پی آئی اے ترجمان نے بتایا کہ واقعے کے بعد طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر مسافروں اور عملے کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضروری سیکیورٹی اور آپریشنل کارروائی مکمل کرنے کے بعد پرواز پی کے 212 آج رات 11 بجکر 15 منٹ پر دبئی سے اسلام آباد کے لیے روانہ کر دی جائے گی۔
حکمرانوں کو آج احساس ہوا کہ ملک نہیں چل رہا، شاہد خاقان عباسی
یاد رہے کہ گزشتہ شب اسلام آباد ایئرپورٹ سے دبئی جانے والی ایمریٹس کی فلائٹ بھی لیٹ ہو گئی تھی۔
لگ بھگ 5 گھنٹے کی تاخیر کے باعث مسافر بروقت دبئی نہ پہنچ سکے اور دنیا کے مختلف ممالک کو جانے والی ان کی کنکٹنگ فلائٹس چھوٹ گئیں۔
مسافروں کے بقول ایئرلائن کے عملے نے انہیں بتایا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث دنیا کی بیشتر ایئرلائنز کی پروازیں لیٹ یا کینسل ہوئیں جس سے سارا بوجھ ایمریٹس پر آیا، اور پروازوں میں تاخیر کا باعث بنا۔
