سام سنگ کے آئندہ فولڈ ایبل اسمارٹ فونز سے متعلق نئی لیکس سامنے آئی ہیں، جن کے مطابق کمپنی 2027 کے دوران پانچ مختلف فولڈ ایبل فلیگ شپ ڈیوائسز پر کام کر رہی ہے تاہم ان معلومات کی تاحال سرکاری تصدیق نہیں کی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق لیک ہونے والی ڈیوائسز کے کوڈ نیمز کیو نائن بی، کیو نائن اے، ایچ نائن اور زیڈ نائن سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بی نائن ممکنہ طور پر گلیکسی زیڈ فلپ نائن جبکہ ایچ نائن گلیکسی زیڈ فولڈ نائن کا کوڈ نیم ہو سکتا ہے، کیونکہ گزشتہ ماڈلز کے کوڈ نیم بالترتیب بی ایٹ اور ایچ ایٹ تھے۔
لیک میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ کیو نائن اے اور کیو نائن بی ممکنہ طور پر گلیکسی زیڈ فولڈ نائن الٹرا اور ٹرائی فولڈ ٹو کے مختلف ورژنز ہو سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق موجود نہیں۔
سب سے زیادہ توجہ زیڈ نائن کوڈ نیم والی ڈیوائس نے حاصل کی ہے، جس کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ یہ روایتی اسمارٹ فون کے بجائے ایک ٹیبلیٹ نما ڈیوائس ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اے آئی نوکریاں ختم نہیں، نئے مواقع پیدا کرے گی، مارک زکربرگ کا دعویٰ
ٹیک ماہرین کے مطابق زیڈ نائن سام سنگ کی پہلی رولیبل ڈسپلے ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیوائس ہو سکتی ہے، جس میں اسکرین کو فولڈ کرنے کے بجائے رول کیا جا سکے گا۔ تاہم سام سنگ نے ان لیکس یا افواہوں پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل جاری نہیں کیا، اس لیے ان معلومات کو حتمی خبر کے بجائے ممکنہ منصوبوں اور غیر مصدقہ رپورٹس کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
