نئی دہلی: بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور میں 17 سالہ نوجوان کرکٹر ادیتی موریشور چوکانڈے نے کرکٹ ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے کے بعد مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق خاتون کرکٹر ادیتی موریشور ناگپور کی ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش کر رہی تھیں، تاہم مسلسل محنت کے باوجود منتخب نہ ہونے پر وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئیں۔
ادیتی موریشور گزشتہ دو برس سے ودربھ کرکٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے سخت ٹریننگ کر رہی تھیں۔
نوجوان کرکٹر کا تعلق مہاراشٹر کے شہر اکولا سے تھا اور وہ اپنی والدہ کے ہمراہ کرکٹ میں کیریئر بنانے کی غرض سے ناگپور منتقل ہوئی تھیں، جہاں وہ لکشمی نگر میں رہائش پذیر تھیں اور سرو کرکٹ اکیڈمی میں تربیت حاصل کر رہی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا کا بیرونی سرمایہ کاروں کو حصہ فروخت کرنے کی تجویز واپس لینے کا اعلان
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران ایک نوٹ بھی ملا ہے، جس میں نوجوان کرکٹر نے اپنی ذہنی پریشانی اور تکلیف کا ذکر کیا ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مزید تحقیقات کے بعد سامنے آئے گی۔
