مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ آج شام چھ بجے بہاولپور میں ادا کی جائے گی۔
لیگی ایم این اے کے اہل خانہ نے ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کئی ہفتوں سے علیل تھے۔
اہل خانہ کے مطابق محمد اقبال چنڑ کو برین ہمریج ہوا تھا اور ان کا آپریشن کیا گیا تھا۔ انہیں بیس روز قبل اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ مرحوم ملک محمد اقبال چنڑ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کے والد تھے۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر ملک مختار اعوان انتقال کر گئے
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک اقبال چنڑ کے انتقال پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اقبال چنڑ کی وفات سے ہم مخلص عوامی رہنما سے محروم ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک اقبال چنڑ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مخلص اور نظریاتی کارکن تھے، انہوں نے عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ ذمہ داریاں انجام دیں، ان کی وفاداری، خدمات اور وابستگی کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
علاوہ ازیں مختلف سیاسی وسماجی شخصیات کی جانب سے ملک اقبال چنڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
