امریکا نے امیگریشن قوانین مزید سخت کرتے ہوئے ویزا بانڈ پروگرام کو مستقل بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ جس کے تحت بعض ممالک کے شہریوں کو امریکی ویزا حاصل کرنے کے لیے 20 ہزار ڈالر تک کا ضمانتی بانڈ جمع کروانا پڑ سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکا کی نئی پالیسی کاروباری اور سیاحتی مقاصد کے لیے جاری کیے جانے والے بی ون اور بی ٹو ویزوں پر لاگو ہو گی۔ جبکہ امریکی حکام ویزا جاری کرنے کی شرط کے طور پر درخواست گزار سے ضمانتی رقم طلب کرنے کے مجاز ہوں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ 2025 میں شروع کیے گئے پائلٹ پروگرام کے نتائج سے ثابت ہوا کہ ویزا بانڈ نظام ویزا قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے میں مؤثر ثابت ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پہلے پائلٹ پروگرام میں بانڈ کی رقم 5 ہزار، 10 ہزار یا 15 ہزار ڈالر مقرر تھی، تاہم نئے قانون کے تحت 5 ہزار ڈالر کا آپشن ختم کر دیا گیا ہے اور زیادہ سے زیادہ بانڈ کی رقم بڑھا کر 20 ہزار ڈالر کر دی گئی ہے۔
نیا قانون 3 اگست کو فیڈرل رجسٹر میں باضابطہ اشاعت کے بعد نافذ العمل ہو گا۔ پروگرام میں شامل 50 ممالک میں سے تقریباً 30 افریقی ممالک ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات نے محدود مدت کیلئے بڑی سہولت دے دی
امریکی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایسے افراد کی تعداد کم کرنا ہے جو ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی طور پر امریکا میں قیام کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ امریکا حالیہ برسوں میں امیگریشن قوانین مزید سخت کر رہا ہے، جن میں بعض ویزوں پر اضافی فیسیں اور درخواست گزاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانچ جیسی شرائط بھی شامل ہیں۔
