لاہور: ملک کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر وفاقی وزیر حنیف عباسی نے ریلوے افسران اور عملے کی ہفتہ وار چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے وزارت ریلوے کو ہائی الرٹ کر دیا۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے تمام افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے ٹریک، مسافروں کی حفاظت اور ٹرین آپریشنز کی مکمل بحالی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ عوامی شکایات کے ازالے یا فرائض کی انجام دہی میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ وہ خود بھی افسران کی کارکردگی کی نگرانی کریں گے۔
حنیف عباسی نے تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو متاثرہ علاقوں میں مرمت اور بحالی کے کاموں کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے کے کنٹرول رومز 24 گھنٹے صورتحال پر نظر رکھیں۔
وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ وہ کسی بھی وقت اچانک معائنہ کر کے احکامات پر عمل درآمد کا جائزہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہنگامی حالات میں غیر معمولی جذبے سے عوام کی خدمت کی جائے، اچھی کارکردگی پر شاباش جبکہ نااہلی پر سزا دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: راولاکوٹ سے متعلق بیان پر خواجہ آصف نے وضاحت کر دی
وزیر ریلوے نے مزید ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ ریلوے انفراسٹرکچر کی بحالی اور ٹرین سروسز کی جلد از جلد بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل اور تکنیکی صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔
